آباد ایکسپو: جسارت گروپ اور راہ ٹی وی کے اشتراک سے تقریری مقابلہ

910
کراچی:میزان بینک کے ہیڈ آف مارکیٹنگ محمد رضا تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن لینے والی جامعہ کراچی کی طالبہ کو لیپ ٹاپ دے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ’’آباد‘‘ کی جانب سے چوتھی سالانہ انٹرنیشنل ایکسپو کے موقع پر ’’جسارت‘‘ میڈیا گروپ اور ’’راہ‘‘ ٹی وی کے اشتراک سے آباد کی اس ایکسپو میں پہلے روز ایک کل کراچی بین الجامعاتی تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان یوم آزادی اور ’’آباد‘‘ کی مناسبت سے ’’تعمیر سے ہے جناح کے خواب کی تعبیر‘‘ رکھا گیا۔ اس تقریری مقابلے میں طلبہ و طالبات نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ تقریری مقابلے کا مقصد نوجوان نسل میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان کے قیام سے متعلق دیکھے گئے خواب کو عملی تعبیر میں ڈھالنے کا جذبہ اجا گر کرنا تھا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ این ای ڈی یونی ورسٹی کے طالب علم ریحان یاسین نے سورۃ الرحمن کی تلاوت کی سعادت حاصل کی جبکہ نبی آخرالزماںؐ کی بارگاہ اقدس میں گل ہائے عقیدت پیش کرنے کا اعزاز شاہ رخ عباس خان کو حاصل ہوا۔ اس دوران نظامت کے فرائض آغا شیرازی کے ذمے رہے۔ تقریری مقابلے میں مہمان خصوصی این ای ڈی یونی ورسٹی کے وائس چانسلر سروش حشمت لودھی تھے جبکہ دیگر مہمانان میں ہیڈ آف کنزیومر بینکنگ اینڈ مارکیٹنگ (میزان بینک) محمد رضا، ڈپٹی سی ای او جسارت عبدالرحمن بودھا، ایڈیٹر جسارت مظفر اعجاز اور پاکستان بزنس فورم کے خلیفہ انوار اور جسارت کے ہیڈ مارکیٹنگ سید طاہر اکبر شامل تھے جبکہ تقریری مقابلے کے منصف اعلیٰ ڈاکٹر اسامہ رضی اور ان کے ساتھ دیگر منصفین میں ڈاکٹر اسامہ شفیق، ڈاکٹر انشال جاوید اور ڈاکٹر ام فروا شامل تھیں۔ تقریری مقابلے کا آغاز ریحان یاسین کی دھواں دھار تقریر سے ہوا اور پھر یکے بعد دیگرے حسان بن ذکی، حافظ احمد، شاہ رخ خان، جویریہ عشرت، کشاف اقبال، انیقہ نہال اور رازی علی خان نے خوب خوب اپنے اپنے انداز میں جوش خطابت دکھایا۔ اس دوران ایک کم سن اور ننھی اعزازی مقررہ ماہ نور نے بھی محفل کو گرما دیا۔ جیوری اراکین بھی ایک ایک چیز کو اپنی نظر میں رکھتے ہوئے تمام مقررین کا موازانہ کرتے رہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر سروش حشمت لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’جسارت‘‘ میڈیا گروپ اور راہ ٹی وی کے اشتراک سے منعقد کیا جانے والا یہ تقریری مقابلہ ایک صحت مندانہ سرگرمی ہے کہ جس میں تعمیر کے حوالے سے بات کی گئی ہے، اس تعمیر کی جو مثبت تعمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس تعمیر کی بات کی جا رہی ہے وہ دراصل ایک جدوجہد ہے، اصل تعمیر تو اخلاق کی ہے، کردار کی ہے، شخصیت کی ہے اور یہ مثبت تعمیر ایک مشکل مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنے اخلاق، کردار اور شخصیت کی تعمیر اس طرح کریں کہ آپ کے بعد کی نسل کے لیے نمونہ بن جائے۔ اس طرح کی مثبت تعمیر کی سوچ کو لے کر چلنے سے ہو سکتا ہے آپ کے بعد آنے والی نسل آپ سے بھی اچھی ثابت ہو۔ وائس چانسلر سروش حشمت لودھی نے مقررین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنے انداز کو، طرز تخاطب کو بدلیں، دوران تقریر طاقت کے استعمال کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نتائج کے اعلان سے قبل روزنامہ ’’جسارت‘‘ کے ایڈیٹر مظفر اعجاز نے مہمان خصوصی وائس چانسلر این ای ڈی یونی ورسٹی سروش حشمت لودھی کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔ جب کہ وائس چانسلر سروش حشمت لودھی نے منصفین ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈاکٹر اسامہ شفیق، ڈاکٹر انشال جاوید اور ڈاکٹر ام فرویٰ میں شیلڈز تقسیم کیں۔ بعد ازاں مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں جامعہ کراچی کی طالبہ انیقہ نہال نے پہلا،، کشاف اقبال نے دوسرا اور حافظ احمد نے تیسرا انعام حاصل کیا۔