میاں صاحب سے اب کوئی معاہدہ ہو گا نہ رابطہ،بلاول

284
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری چنیوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

چنیوٹ(مانیٹرنگ ڈ یسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ آج میاں صاحب کو میثاق جمہوریت یاد آ گیا ہے، اب کوئی معاہدہ ہو گا نہ رابطہ۔ چنیوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سوچنا ہو گا کیا یہ پاکستان قائداعظم کی سوچ والا پاکستان ہے؟ پاکستان آج بھی اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، نواز شریف اور عمران خان دونوں نے ملکر ملکی سیاست کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، ان کو ملک کی صورتحال کی کوئی فکرنہیں، نام نہاد بڑی سیاسی پارٹی کے لیڈرز کی یہ حالت کہ اہم مسائل پر بات نہیں کرتے، ان کی نظر صرف کرسی اور اقتدار پر ہے،سابق وزیر اعظم نواز شریف کوجی ٹی روڈ کے اطراف رہنے والے کیسے یاد آ گئے؟ میاں صاحب آپ کی چالبازی نہیں چلے گی، اقتدارکا نشہ اترنے کے بعد میاں صاحب کو میثاق جمہوریت یاد آ رہا ہے، میاں صاحب کو گرینڈ ڈائیلاگ یاد آ گیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی کیا ہے ہماری آواز دوسرے ملکوں تک کیوں نہیں پہنچ رہی؟ پولیس اور فوج قربانیاں دے رہی ہے ،دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، کہاں ہے نیشنل ایکشن پلان؟ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیوں نہیں ہو رہا، دہشت گردی، فرقہ واریت صرف آپریشن سے ختم نہیں ہو سکتی، اگر جڑ سے ختم کرنا ہے تو پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس ناسور کیخلاف جنگ کرنا ہو گی، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کرنا ہو گا۔بلاول نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران کے وزیر اعلیٰ پر کرپشن کے الزامات لگ رہے ہیں،وزیر اعلیٰ کی کرپشن سے عمران کا کچن اورجہانگیر ترین کا جہازچل رہا ہے،پوچھتا ہوں خیبر پختونخوا کے کس علاقے میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں؟ اگر نئے پاکستان میں گالی کی سیاست ہو گی تو پھر نیا پاکستان نہیں چاہیے، میاں صاحب اور عمران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ان کی منزل صرف اقتدار ہے۔