دشمن قوتیں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر ملکی دفاع کمزور کرنا چاہتی ہیں‘ میاں مقصود

230

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کوئٹہ میں فوجی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں پندرہ افراد کی شہادت پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات تشویشناک ہیں۔ معصوم جانوں سے کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملک دشمن بیرونی قوتیں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر ملکی دفاع کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وعسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائے۔ دشمن ایک مرتبہ پھر پاکستان کی سا لمیت کیخلاف برسرپیکار ہے۔ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بین الاقوامی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ دشمن قوتوں کا گٹھ جوڑ پاکستان کی بقا کے لیے سنگین خطرہ بن گیا ہے۔ حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت دہشت گردی کی کارروائیوں کا سدباب ممکن نہیں ہوسکا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے خارجہ پالیسی کو ہنگامی بنیادوں پر ازسر نو تشکیل دیا جائے۔ بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے باعث کھل کر سامنے آگیا ہے۔ ہندوستان کو امریکا اور اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے۔ خطے میں اسلحے کی دوڑ میں شریک بھارت کا جنگی جنون جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ملک میں سیاسی عدم و استحکام کے باعث دشمن قوتیں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔ بحیثیت قوم ہمیں اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے، اتنی پہلے کبھی نہ تھی۔ پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سلامتی سب کچھ داؤ پر لگ گیا ہے۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمے داری ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے تناظر میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جانے چاہییں۔ دہشت گرد پاکستان میں خوف وہراس کی فضا پیدا کرکے اپنے ناپاک عزائم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل بھوشن کے معاملے کو فوری منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔ وہ پاکستان میں تخریب کاری کی وارداتوں میں ملوث پایا گیا تھا، کل بھوشن کو جلد پھانسی دی جائے۔