کرپٹ حکمرانوں کا آخر ی دم تک تعاقب کریں گے،مشتاق احمد خان

307

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئین کی دفعات 62,63کو تبدیل کرنے کی بات کرنے والے کان کھول کے سن لیں ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ 62,63کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے ہاتھ توڑ دیں گے۔کرپٹ حکمرانوں کا آخر ی دم تک تعاقب کریں گے۔ ملک کو لوٹنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا چاہتے ہیں، ہم نوجوانوں کو حکمران بنائیں گے۔ الیکشن میں نوجوانوں کو پچاس فیصد نشستیں دے کر انہیں حکمران بنائیں گے۔ جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کی بڑی تنظیم موجود ہے۔ ہماری حکومت آئی تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کی تحصیل پبی میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شمولیتی جلسہ عام سے جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیر حاجی انوارالاسلام، غلام نبی سینا ، جواد نبی سینااور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تحریک نجات پارٹی کے غلام نبی سینااور جواد نبی سینا نے جماعت اسلامی میں شمولیت اور تحریک نجات پارٹی کو جماعت اسلامی میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ شمولیتی جلسہ عام سے مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن میں ملوث تمام افراد کے خلاف تحریک شروع کی ہے۔ ہمارا مطالبہ سب کا احتساب ہے، ہم کسی ایک شخص کا احتساب نہیں بلکہ کرپشن میں جو بھی ملوث ہے اس کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔ ہماری تحریک نواز شریف کے احتساب پر ختم نہیں بلکہ شروع ہوتی ہے۔ اب احتساب کی باری زرداری کی ہے۔ آصف زرداری کی کرپشن بھی قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے اور انہیں بھی احتساب کے عمل سے گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کرپشن فری پاکستان اور احتساب سب کا تحریک کرپشن کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا تو نئی نسل کو پاک صاف پاکستان ملے گا۔ جماعت اسلامی کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے، ہم خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اسمبلیوں میں پہنچا کر پاکستان کو ترقی کے راستے پر لائیں گے۔ نوجوانوں میں ملک کو آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے، لیکن حکومت نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو نوجوانوں کو سہولیات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صادق اور امین قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار قیادت موجود ہے، جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو پاکستان کو کرپشن سے پاک اسلامی ، فلاحی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔