پکنک پر جانے والی وین میں آتشزدگی‘ 6افراد ہلاک‘ 5زخمی

471
کراچی: وین آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)کراچی کے علاقے گارڈن میں چڑیا گھر کے سامنے صبح 7بجے ہائی ایس وین نمبر JF.2089میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،وین کے ڈرائیورنے فوری طور پر گاڑی سے اتر کر آگ بجھانے کی کوشش کی مگر ناکام رہا،آگ کے شعلوں نے پوری گاڑی کواپنی لپیٹ میں لے لیا،گاڑی میں موجود افرادنے باہر نکلنے کی ہر ممکن کوشش کی۔وین میں آگ لگنے کی اطلاع اورمتاثرین کی چیخ و پکار پر علاقہ مکین فوری طور پرپہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت پانی اور مٹی ڈالتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش کی جبکہ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے فوری طور پر وین میں لگی آگ کو بجھایا اورگاڑی میں موجود متاثرین کو نکال کر سول اسپتال منتقل کردیا جہاں پر ڈاکٹرز نے6افراد کی ہلاکت اور5کی افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جنہیں برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔متوفین کی شناخت 40 سالہ نیلو فر زوجہ سلیم ،42سالہ سلیم ولد محمد عمر ،2سالہ عبدالہادی ولد سلیم،14سالہ شہریار ولد سلیم، 14سالہ مہوش دختر محمد علی،45سالہ بنش زوجہ محمد علی کے نام سے کی گئی جبکہ2زخمی 17سالہ مریم دختر محمد علی اور 8سالہ شہروز ولد سلیم کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ڈاکٹرز نے3زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا۔ متوفی اور زخمی لسبیلہ چوک پر واقع چاندنی آرکیڈ کے رہائشی اور ہاکس بے پکنک پر جانے کے لیے وین میں اتوار کی صبح نکلے تھے، گارڈن کے قریب مزید ایک فیملی کو لینے کے لیے رکے کہ اچانک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔پولیس کے مطابق گاڑی کا ڈرائیورآگ بجھانے میں ناکامی کے بعد موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش شروع کردی ہے اور اس کی گرفتاری کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔