اہل کراچی کشادہ دل ہیں‘ بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا‘ وسیم اختر

234
میئر کراچی اورگورنر سندھ محمد زبیر بابائے قومؒ کے مزار پر حاضری کے بعد دعا مانگ رہے ہیں

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پاکستان کا 70واں یو م آزادی کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا، چیئرمین وسطی ریحان ہاشمی، چیئرمین کورنگی سید نیر رضا، چیئرمین ضلع شرقی معید انور ، بلدیہ کی مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کا شمار دنیا کے عظیم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ آج یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے کیونکہ قائد اعظم کی قیادت میں ہی پاکستان کا قیام ممکن ہوسکا اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی عظیم قربانی کے نتیجے میں ہی آج ہمیں آزاد مملکت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری قائد اعظم اور وطن عزیز سے بے لوث محبت کرتے ہیں کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کے ان عظیم رہنماؤں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی اور مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت کو دنیا کے نقشے پر ابھارا، انہوں نے کہا کہ کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بانی پاکستان یہیں پر پیدا ہوئے اور اسی شہر میں وفات پائی، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اس آزاد مملکت کو اسلام کا قلعہ قرار دیا تھا ہمیں یہاں رواداری، اخوت، مساوات، بھائی چارے کے جذبے کو عام کرنا چاہیے تاکہ قائد کے اصولوں پر عملدرآمد کیا جاسکے۔ اس موقع پر کے ایم سی کے فائرٹینڈر، اسنارکل اور ریسکیو گاڑیوں کی ایک ریلی مزار قائد سے کے ایم سی کے مرکزی دفتر تک نکالی گئی جس کی قیادت میئر کراچی وسیم اختر نے کی، کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر، مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، منتخب بلدیاتی نمائندوں سمیت افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی بلڈنگ میں سٹی وارڈنز کے بنائے ہوئے 180 فٹ لمبے اور 80 فٹ چوڑے پرچم کا معائنہ کیا، میئر کراچی وسیم اختر کو سٹی وارڈنز کے ایک دستے نے سلامی بھی پیش کی، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تجدید عہد وفا کا دن ہے اور آج کے دن یہ عہد کریں کہ انفرادی سطح پر اور اجتماعی سطح پر خصوصاً اپنے ادارے کے ایم سی میں مثبت تبدیلی لا کر شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اورکے ایم سی کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے کیونکہ کراچی بہتر ہوگا تو پاکستان بہتر ہوگا، انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال جشن آزادی کی تقریب باغ جناح (پولو گراؤنڈ) میں بڑے پیمانے پر منعقد کی جائے گی جس میں کے ایم سی کے 13 ہزار ملازمین شرکت کریں جبکہ شہر کی نمایاں شخصیات کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ70ویں یوم آزادی کے موقع پر کے ایم سی آفیسرز ویلفےئر ایسوسی ایشن کے اشتراک و تعاون سے یکم سے 14 اگست تک تقاریب کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اس دوران شہر میں لاتعداد پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں شہری از خود ان پروگراموں میں شریک ہوئے جو کراچی کے شہریوں کا اپنے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔