نظریہ ضرورت کا دور ختم‘ اب صرف نظریہ پاکستان چلے گا‘ معراج الہدیٰ

164
حیدر آباد: جشن آزادی کے موقع پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی جیوے پاکستان ریلی کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ نظریہ ضرورت کا دور ختم ہوگیا ہے، اب ملک میں صرف نظریہ پاکستان چلے گا۔ دفعہ 62,63 آئین کا جزو لاینفک ہے، آئین سے چھیرچھاڑکرنے والوں کوقوم معاف نہیں کرے گی ،جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف جدوجہدکاآغازکیاتھا،گوکرپشن گو پوری قوم کانعرہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد کے زیراہتمام نکالی گئی جیوے جیوے پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا آغاز دفتر جماعت اسلامی اسٹیشن روڈ سے ہوا، کوہ نور چوک اور حیدر چوک سے ہوتی ہوئی پاکستان چوک (گل سینٹر) پر اختتام پذیر ہوئی۔ ملک کے 71 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی جانب سے ایک بھرپور ریلی نکالی گئی جس میں کارکنان اور شہریوں نے ملک سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیتے ہوئے پرجوش اندازمیں نعرے لگائے اور اپنی عقیدت کا اظہار کرتے رہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ نے کہا کہ پاکستان کا دستور متفقہ ہے اور اتحاد و یکجہتی کا ذریعہ ہے۔ تمام ادارے اپنے اپنے حصے کا کام کریں اور ایک دوسرے کا احترام کریں، جمہوریت جمہوری رویہ اپنانے سے پروان چڑھتی ہے۔ قوم کوجشن آزادی مبارک ہو، ہمیں تحریک پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور ان مظلوم کشمیریوں کو یاد رکھنا چاہیے جو ہندوستان سے پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں اور پورے پاکستان کے ساتھ یوم آزادی منارہے ہیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحید قریشی نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام محب وطن جماعتوں سے مل کر نوجوانوں کے ساتھ نظریہ پاکستان کا ہر ہر محاذ پر دفاع کررہی ہے ۔ عدلیہ نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ کرکے تاریخ رقم کی ہے، رہی سہی کسر ریفرنس پوری کردے گا۔ نواز شریف سے چلنے والا سلسلہ پاناما کیس کے تمام 436 افراد تک چلنا چاہیے۔ جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد کے امیر حافظ طاہر مجید نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہیں اور اس عزم کا عہدکرتے ہیں، جس مقصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا تھا۔ اس مقصد کو ہم سب متحد ہو کر حاصل کریں گے۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صدر ظہیرالدین شیخ نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان نوجوانوں نے قائداعظم ؒ کی قیادت میں حاصل کیا تھا، تحریک پاکستان میں نوجوانوں کا جذبہ شامل تھا، یہی نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری عبدالقیوم حیدر نے کہا کہ پاکستان ہمارے نوجوانوں، بچوں، بزرگوں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے قربانیاں دے کر حاصل کیا تھا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ بعد ازاں 12 بجے شب دفتر جماعت اسلامی اسٹیشن روڈ پر امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے 71 ویں یوم آزادی اور پاکستان کے قیام کی 70 ویں سالگرہ پر پرچم کشائی کی۔ پاکستان کی سالمیت، استحکام، ترقی اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے خصوصی دعا کی۔ ملی مسلم لیگ سندھ کے کوآرڈینیٹر خالد سیف نے اس موقع پر خطاب کیا۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی جانب سے ملت آباد اسلام آباد، مدینہ کالونی، پھلیلی اور پریٹ آباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے ملت آباد، پریٹ آباد میں امیر جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد حافظ طاہر مجید اور مدینہ کالونی پھلیلی میں ضلعی جنرل سیکرٹر ی عقیل خان نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر گل پاشی کی گئی، کیک کاٹا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔