بھارت ظلم و ستم سے کشمیریوں کے جذبے کو شکست نہیں دے سکتا‘ میاں مقصود

185

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری اور وادی میں کرفیوکاسماں درحقیقت ہندوستان کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرنے کے مترادف ہے۔بھارت ظلم و ستم سے کشمیریوں کے جذبے اور قربانیوں کو شکست نہیں دے سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ کشمیری عوام ہندوستانی فوج کے سامنے کسی بھی صورت جھکنے کو تیار نہیں۔ ان کی جدوجہد آزادی کی تحریک شدت اختیارکرتی جارہی ہے۔ بھارت نے 1948ء سے لے کر آج تک مقبوضہ کشمیر میں پانچ لاکھ افراد شہید، ہزاروں خواتین کوبیوہ،لاکھوں بچوں کو یتیم اور ان گنت نوجوانوں کو اپنے عقوبت خانوں میں ڈال کر مظالم کی انتہا کردی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان بھارت کی انتہائی پُرتشدد کارروائیوں اور ظلم وجبر کی داستانوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کا جشن آزادی ہر سال 14 اگست کو دھوم دھام سے مناتے ہیں اور 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سال بھی مظلوم کشمیری عوام نے 15اگست کو پورے جموں وکشمیر میں ہڑتال اور یوم سیاہ مناکر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے بلکہ وہ الحاق پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے بھارت کے مختلف حصوں سے ہندوؤں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کررہا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی شہریت دی جارہی ہے۔ بھارت کالے قوانین کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورہم اس سے کسی بھی صورت میں دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔