اسلام آباد میں دس ہزار نوجوانوں کو جے آئی یو تھ ونگ کاممبر بنایا جا ئے گا‘ میاں محمد اسلم

168
اسلام آباد ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں اسلم یونیورسٹیز کے طلبہ سے خطاب کررہے ہیں ،اس موقع پر اکرم ذکی، کاشف چودھری ،اسامہ طاہر اور طارق گجر بھی موجود ہیں

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی برسراقتدار آکر نوجوانوں جو پاکستان کی آبادی کا 60فیصد ہیں ان کے لیے صوبوں میں یوتھ منسٹری قائم کرے گی اور نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم و تحقیق، آسان قرضے، استعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور روزگار کی ضمانت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی رابطہ عوام مہم کے ذریعے عوام کو کرپٹ حکمرانوں اور کرپشن کے خلاف منظم کر رہی ہے تاکہ آئندہ انتخابات میں اس بددیانت ٹولے سے نجات حاصل کر کے اہل اور دیانتدار قیادت کو سامنے لایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد کی مختلف یونیو رسٹیزکے طلبہ و طالبات سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ اس مو قع پرمعروف دانشور اکرم ذکی، محمد کاشف چودھری، طارق گُجر، احمد اُسامہ طاہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ اسلام آباد سے منتخب ہو نے والی سابقہ اور موجودہ سیاسی قیادت نے نو جو ان طبقے کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی پچاس یونین کونسلوں میں جماعت اسلامی یو تھ ونگ کے زیر اہتمام انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کیے جا ئیں گے، جس کا پہلا مر حلہ 20اگست سے شروع ہو رہا ہے ، جبکہ دو ہزار اٹھارہ تک دس ہزار نوجوانوں کو جے آئی یو تھ ونگ کاممبر بنایا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے طارق گجر نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں نوجوانوں کی ذمے داریاں کئی گُنا بڑھ گئی ہیں ان کو معاشرے میں رول ماڈل بننا ہے اور معاشرے کے تمام طبقات کی ہنمائی کر تے ہوئے انہیں صا لح، نڈر اور حقیقی قیادت فراہم کر نا ہے تاکہ ملک مسائل کے گرداب سے باہر نکل سکے ۔