محکمہ کھیل خیبرایجنسی کے زیراہتمام جشن آزادی تقریب کا انعقاد

283
پشاور: جشن آزادی اسپورٹس گالا میں شریک کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو

پشاور(جسارت نیوز) ملک بھر کی طرح فاٹا میں بھی جشن آزادی پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر ڈائریکٹریٹ آف ا سپورٹس فاٹا اینڈ ا سپورٹس وکلچر ڈیپارٹمنٹ خیبرایجنسی کے زیراہتمام جمرود اسپورٹس کمپلیکس میں جشن آزادی جو ش وجذبے کے تحت منائی گئی جس میں کثیر تعداد میں کھلاڑیوں نے قومی جذبے سے سرشار ہوکر حصہ لیا اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس فاٹا محمد نواز خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ایجنسی ا سپورٹس منیجر راحید گل ملاگوری ، فاٹا ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر سیف السلام ، سیکرٹری جنرل مشرف خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں ہرسال کی طرح اس سال بھی محکمہ کھیل فاٹا خیبرایجنسی کے زیراہتمام خیبرایجنسی کے تمام تحصیل جن میں باڑہ ، لنڈی کوتل ، ملاگوری اور جمرود شامل ہیں مختلف کھیلوں کے مقابلے اورثقافتی پروگرامز منعقد کئے گئے۔ اس سلسلے میں جمرود اسپورٹس کمپلیکس خیبرایجنسی میں بھی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں والی بال ، رسہ کشی ،ایتھلیٹکس، پی ٹی ، ٹیبلو اور ثقافتی پروگرامزمنعقد ہوئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیاگیا جس کے بعد پرچم کشائی تقریب اورپاکستان کی70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے کیک ا ٹا گیا ۔ تقریب میں امان پبلک سکول کی بچیوں نے ملک کے چاروں صوبوں ، فاٹا ، آزادی کشمیر اور گلگت بلتستان کے رنگ وثقافت خوبصورت ٹیبلو میں پیش کئے جس کو گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں نے بھرپور انداز سے سراہا اور داد دی ، رسہ کشی کا مقابلہ جمرود اور ملاگوری ٹیموں کے درمیان کھیلاگیا جس میں ملاگوری تحصیل نے 3-0 سے کامیابی حاصل کی اسی طرح والی بال فائنل میں باڑہ تحصیل نے جمرود کو 25-19 اور 25-11 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی ، قیوم ا سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں ایتھلیٹکس کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں جمرود نے 55 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، لنڈی کوتل نے34 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اورملاگوری نے 23 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ا سپورٹس فاٹا محمد نواز نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے ونر کو10 ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو5 ہزار روپے کیش انعام دیئے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد نواز نے کہا کہ محکمہ کھیل فاٹا کے زیراہتمام تمام ایجنسی اور ایف آرز میں جشن آزادی کے مناسبت سے تقریبات بھرپور انداز کے ساتھ جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کے آزادی اور استحکام کیلئے قربانیاں دیتے آئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی طرح قبائلی عوام بھی اپنی آزادی دھوم دھام سے مناتے ہیں ۔حب الوطنی کا تقاضہ ہے کہ آج ہر پاکستانی 70 واں جشن آزادی پاکستان پورے جوش و جذبے کیساتھ منائے، اور جشن آزادی مناتے ہوئے قیام پاکستان کے مقصد پر غور کرے۔ ذہن کے گوشہ میں سوئے ہوئے افکار کو زندہ کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کی یادیں تازہ کرے ، اپنی بصیرت سے قیام پاکستان کے لئے چلائی گئی تحاریک کودیکھے، قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں کے حالات کو چشم تصور میں لائے اور قیام پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے غور کرے کہ قیام پاکستان کا مقصد کیا تھا۔