احتساب کے بغیر انتخابات محض چہرے بدلنے کی ریہرسل ہے‘ سراج الحق

373
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیرصدارت کرپشن فری پاکستان تحریک کا جائزہ اجلاس ہورہا ہے

لاہور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم پاکستان کے لیے اور حکمران اپنی ذات اور خاندان کے لیے مررہے ہیں ، پاکستان کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ اندرونی لٹیروں سے خطرہ ہے ، پاکستان کو اتنا نقصان دشمن نے نہیں پہنچایا جتنا قوم کے ان نام نہاد لیڈروں نے پہنچایا ہے ، جماعت اسلامی الیکشن ، جوڈیشل ، تعلیمی و معاشی اصلاحات لائے گی ، احتساب کے بغیر انتخابات محض چہرے بدلنے کی ریہرسل ہے ، ہم لوٹ کھسوٹ کے اس نظام سے قوم کو نجات دلانا چاہتے ہیں ، کرپشن فری پاکستان ہماری منزل ہے ، جماعت اسلامی’’ احتساب سب کا ‘‘تحریک جاری رکھے گی ،اسٹیک ہولڈروں کے درمیان مذاکرات کرپٹ سسٹم کے خاتمے کے لیے ہونے چاہئیں کرپشن کے حق میں نہیں،یوم پاکستان پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے کشمیری شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں ،کشمیری بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ، حکومت پاکستان کو اس کی سرپرستی کرنی چاہیے تھی مگر ہمارے حکمران امریکی خوف سے کشمیری عوام کی جدوجہد سے خود کو الگ تھلگ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے کرپشن فری پاکستان تحریک کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور نائب امراحافظ محمد ادریس ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو بھی شریک تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران ملکی بقا و سلامتی سے بڑھ کر اپنی ذات اور خاندانوں کی فکر میں ڈوبے رہتے ہیں جبکہ عام پاکستانی قومی مفاد کی خاطر ہر وقت قربانی کے لیے تیار رہتاہے ۔ غریب پاکستانی ٹیکس اور بجلی و گیس کے بلوں سے قومی خزانہ بھرتاہے اور حکمران اسے لوٹ کر بیرونی بینکوں میں جمع کرادیتے ہیں جس سے غربت اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو غربت ، جہالت ، بدامنی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے تحفے دینے والے حکمرانوں نے خود لندن نیویارک اور دبئی میں بڑے بڑے محل بنا رکھے ہیں اور ان کی اولادیں اور کاروبار ملک سے باہر ہیں ۔ یہ پاکستان میں صرف حکمرانی کے لیے آتے ہیں اور جب ایوان اقتدار سے نکلتے ہیں تو سیدھے دبئی یا لندن جا کر بیٹھ جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان سب کو پکڑ کر ایک ایک سے حساب لیناچاہیے اور جس نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا ہے ، اس کی سزا اسے ملنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پہلے دن سے سب کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ نہ صرف مشرف اور زرداری حکومتوں کا مکمل آڈٹ ہو ، بلکہ آف شور کمپنیوں کے مالکوں ، قرضے لے کر ہڑپ کرنے والوں اور این آر او کے ڈیٹرجنٹ سے دھل کر مارکیٹ میں آنے والوں کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک جاری ہے اور ہم بہت جلد عدالت عظمیٰ سے رجوع کر کے پاناما لیکس میں شامل دیگر 436 لوگوں کے احتساب کی اپیل کریں گے ۔ ہمارا عدالت عظمیٰ سے مطالبہ ہے کہ جب تک مال مسروقہ واپس نہیں ملتا ، چور کے پکڑے جانے کا ملک و قوم کو خاص فائدہ نہیں ، اس لیے ضروری ہے کہ لوٹی گئی قومی دولت واپس لانے کے لیے ایک نظام بنایا جائے اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مجرموں کو لوٹ کھسوٹ کی دولت دوسری جگہ منتقل کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔