میرپور خاص (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی ایک تاریخی کارنامہ ہے اور یہ مدینہ المنورہ کے بعد دوسری اسلامی ریاست ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آئی، سبز ہلالی پرچم کی نسبت سبز گنبد روضہ رسولؐ سے ہے۔ وہ جماعت اسلامی میرپور خاص کے زیر اہتمام جشن یوم آزادی کے سلسلے میں استحکام پاکستان ریلی کے شرکا سے خطاب کررہے تھے۔ ریلی اسٹیشن چوک سے شروع ہوکر میرپور خاص پریس کلب پہنچی، جہاں پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر نائب قیم سندھ محمد افضال آرائیں، امیر شہر امجد اقبال، جماعت اسلامی یوتھ سندھ کے صدر عاصم شیخ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر حافظ سلمان خالد، اصلاح الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر کچھ سیاستدان پاکستان کے اداروں کو للکار رہے ہیں۔ ڈاکو، چور، لٹیروں کے لیے اسمبلیوں کو آرام دہ بنایا جارہا ہے۔ آرٹیکل 62 ،63 پر حملہ ہوا تو عوام پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے۔ آئین پاکستان کے تحت اللہ تعالیٰ کی ذات سپریم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتسابی عمل کو ایک چور کو نااہل قرار دے کر آگے بڑھنا چاہیے اور دیگر چوروں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج سراج الحق نے اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کردیا ہے اوران کا مطالبہ ہے کہ تمام لٹیروں کا احتساب کیا جائے۔ پاکستان دشمن سن لیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کا خواب خواب ہی رہے گا اور پاکستان نظریہ اسلام و نظریہ پاکستان کے تحت ترقی کی منازل طے کرے گا۔