سر پر گیند لگنے سے مردان کا کرکٹر جاں بحق، پی سی پی کا اظہار افسوس

268

مردان(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مردان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے سر پر گیند لگنے سے نوجوان بلے باز کی ناگہانی موت پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پی سی بی نے کرکٹر زبیر احمد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ زبیر احمد کے انتقال سے ثابت ہوگیا کہ میچ کھیلتے ہوئے حفاظتی سامان اور ہیلمٹ پہننا کتنا ضروری ہے۔زبیراحمد گزشتہ روز خیبرپختون خوا کے ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں پریکٹس میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔نجی کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کے دوران زبیر احمد کو تیز بال گردن پر لگی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ زبیر احمد گیارہویں جماعت کے طالب علم تھے اور کرکٹ سیکھنے کیلئے گزشتہ کچھ عرصے سے اکیڈمی سے منسلک ہوئے تھے۔