نیب نے نواز شریف اور ان کے بیٹوں کو کل طلب کرلیا‘ عزیزیہ اسٹیل مل کے کاغذات ساتھ لانے کی ہدایت

379

pm-nawaz

راولپنڈی(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) نیب راولپنڈی نے سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں کو کل لاہور آفس میں طلب کرلیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹسمیں نوازشریف اور ان کے بیٹوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عزیزیہ اسٹیل مل کے کاغذات بھی ساتھ لائیں جب کہ وکیل کے بجائے خود پیش ہوں اور اپنا بیان قلمبند کرائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی کی ٹیم 17 اگست کی رات کو لاہور پہنچے گی اور 18 اگست کو تینوں کا بیان قلم بند کیا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے معاملے پر ایس ای سی پی کو خط لکھاہے،اسحاق ڈار کا کیس نیب میں 23 اگست کو دیکھا جائے گا۔نواز شریف کے بچوں کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)صفدر کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈکیے گئے بیانات کو نیب ریفرنسز کا حصہ بنایاجائے گا۔ادھر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف خاندان عزیزیہ اسٹیل مل کی منی ٹریل دینے میں ناکام رہا تھا، اس کیس میں نواز شریف،حسن اور حسین گرفتار بھی ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بیٹوں کو نیب کورٹ سے ضمانتیں لینا پڑیں گی ورنہ انہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے، میں خود بھی حدیبیہ پیپرز کا بڑا کیس تیار کررہا ہوں۔