مقننہ‘انتظامیہ اور عدلیہ میں قومی ڈائیلاگ ناگزیر ہے‘ لیاقت بلوچ

365
لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ منصورہ میں جماعت اسلامی آزادکشمیر اور سندھ کے وفودسے گفتگو کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مرکز منصورہ میں جماعت اسلامی کشمیر اور سندھ کے وفودسے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین میاں رضا ربانی جمہوری ، پارلیمانی ، سیاسی ، آئین اور قانون کی بالادستی کا ذہن رکھتے ہیں ۔ مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے درمیان قومی ڈائیلاگ ضروری ہے ۔ اب اہم قومی ستون میڈیا کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لیکن اس قومی خواہش کے راستے میں انا ، بالادستی کا ذوق شوق اور بادشاہانہ ذہنیت کے کانٹے پڑے ہوئے ہیں ۔ پارلیمانی نمائندہ جماعتیں اس رکاوٹ کو دور کرائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی اورحیدر آباد کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ترقیاتی پیکج اچھاہے ۔ وزیراعظم کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کے ظلم سے بھی نجات دلائیں ۔ ترقیاتی پیکج وفاق ، سندھ اور بلدیاتی اداروں کے درمیان تنازعات کا باعث نہ بنایا جائے ۔ کراچی وحیدر آباد کے عوام کو ریلیف ملناچاہیے ۔ وزیراعظم تینوں اسٹیک ہولڈرز میں اشتراک عمل کا روڈ میپ دیں ۔ لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ۔ بھارتی دعویٰ جھوٹا اور فریب پر مبنی ہے۔ ریاست جموں و کشمیر متنازع ہے مسئلہ کشمیر متنازع مسئلہ ہے ۔عالمی امن خصوصاً خطے کے امن کے لیے عالمی ادارے جانبداری اور بے حسی چھوڑیں اور مسئلہ کشمیر حل کرائیں، جماعت اسلامی آزادی کشمیر کی جدوجہد کی پشتی بان ہے۔