نواز شریف سے رابطہ نہیں رکھنا چاہتا‘ زرداری۔ مذاکرات کا حصہ بننے سے انکار

343

لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں،خطرہ نواز شریف کی سیاست کو ہے ۔گزشتہ روز بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول زرداری میدان سیاست میں اتر گیا ہے جس سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ ان کا نواز شریف سے کوئی رابطہ ہے نہ وہ رابطہ رکھنا چاہتے ہیں اور اگر وہ رابطے ہی نہیں رکھنا چاہتے تو نواز شریف سے ڈائیلاگ کیسے؟،نواز شریف کو اقتدار میں 62,63 کیوں یاد نہیں آئی، مصیبت میں ان کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے ۔چنیوٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کا جلسہ مخالفین کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، انہوں نے نواز شریف سے ہاتھ ملانے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف سے ہاتھ کیوں ملائیں گے ۔ قبل ازیں آصف علی زرداری سے کراچی سے لاہور پہنچنے والے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ملاقات کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔بلاول نے آصف زرداری کو چترال اور چنیوٹ کے کامیاب جلسوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ آصف زرداری نے این اے 120کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔سابق صدر نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو سرگرم کریں ا ور فیصل میر کی انتخابی مہم چلائیں۔ سابق صدر نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان پیپلزپارٹی نے گلگت اور کراچی کی نشستیں جیت کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں موجود ہے۔