سابق عالمی چیمپئن قمرزمان ایسوسی ایشن میں دھڑے بندیوں سے پریشان‘سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی‘ سیاست میں آنے کا اعلان کردیا

323

پشاور (جسارت نیوز )اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن اور خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری قمر زمان نے اولمپک میں دھڑے بندیوں اور سیاست کی وجہ سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ میڈیا سینٹرمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اولمپک ایسوسی ایشن میں دھڑے بندیوں اور سیاست کی وجہ سے کھلاڑی متاثر ہو رہے تھے دونوں مخالف دھڑے ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کو کھیلنے نہیں دے رہے تھے اور یوں کھلاڑی اولمپک عہدیداروں کے آپس کے اختلافات کے باعث نقصان اٹھا رہے تھے4 سالوں تک انتظار کیا لیکن مسئلے کا حل نہیں نکلا اس لئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ پچھلے5 سالوں سے اولمپک ایسوسی ایشن غلام علی گروپ اور سید عاقل شاہ گروپ میں بٹی ہوئی ہے دونوں دھڑے ایک دوسرے کو قانونی قرار دے رہے ہیں جبکہ کھیلوں کی مختلف ایسوسی ایشنیں اپنے اپنے دھڑوں کی حمایت کر رہی ہیں۔ قمر زمان نے کہا کہ ان کے دھڑے کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے قانونی قرار دیا تھا جبکہ اسپورٹس بورڈ نے بھی انہیں قانونی تسلیم کیا تھا ان کی خواہش تھی کہ غلام علی اور سید عاقل شاہ دونوں اولمپک ایسوسی ایشن کو چھوڑ کر کسی تیسرے فریق پر اتفاق کریں جس پر غلام علی نے رضا مندی ظاہر کی تھی لیکن سید عاقل شاہ تیار نہیں تھے بحیثیت ایک سابق کھلاڑی اور کھیلوں کے منتظم صورتحال ان کے لئے مایوس کن تھی وہ چاہتے تھے کہ مسئلہ باعزت طریقے سے حل ہو ، دونوں دھڑوں کے اختلافات کے باعث بدنامی ہو رہی تھی ایسے حالات میں اولمپک ایسوسی ایشن چھوڑنا بہتر سمجھا۔ قمر زمان، جو 3 سال عالمی نمبر ایک، 11 سال عالمی نمبر 2 رہے اور عالمی سطح پر 116 میچ جیتے ہیں، نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کے علاوہ لوگوں کی خدمت کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لئے آزاد حیثیت میں 2018 ء کے انتخابات میں حصہ لیں گے اگر عوام نے موقع دیا تو کھیلوں کی شبانہ روز خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ماضی کو بھلا کر کھلاڑیوں اور کھیلوں کے بہتر مستقبل کی خاطر آگے بڑھا جائے ورنہ کھلاڑی اور کھیل مزید نقصان اٹھائیں گے۔