ندیم نصرت کے بہنوئی سمیت 76ملزمان پکڑے گئے

484
ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد پکڑے جانے والے ملزمان اور برآمد اسلحہ صحافیوں کو دکھا رہے ہیں (فوٹو:جسارت)

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔کراچی پولیس نے گلستان جوہر سے ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت کے بہنوئی سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے بدھ اور جمعرات کو 76 ملزمان کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے ۔گلشن حدید سے ملنے والی بچے کی لاش کے معاملے میں 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت کے بہنوئی غالب اقتدار کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے،تاہم ملزمان کی گرفتاری کے سلسلے میں قانون نافذکرنے والے کسی ادارے نے تصدیق یاتردید نہیں کی۔ ادھرلانڈھی ڈویژن پولیس نے کورنگی، انڈسٹریل ایریا اور زمان ٹاؤن کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل و منشیات فروش سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔ایس پی لانڈھی عارف راؤ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی، فقیر محمد، نعمان، عبید اور نادر کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔ عزیز بھٹی پولیس نے عزیز بھٹی پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ماجد کو گرفتار کر کے ڈھائی سو گرام چرس برآمد کر لی۔ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق مومن آباد ،کنواری کالونی اور قصبہ کالونی میں کارروائیوں کے دوران6 ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان میں منشیات فروش اور اقدام قتل کے ملزم شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات ملی ہے۔سعود آباد پولیس نے ملزم شاہد اور آدم خان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی،ملزم شاہد نے 2002 میں زاہد اقبال نامی شخص کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کیا تھا،ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کا مقدمہ سعودآباد تھانے میں درج ہے۔گلشن حدید سے8سالہ سحبان کی چاقو سے کٹی لاش ملنے کے معاملے میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔واضح رہے کہ سحبان کی لاش بدھ کو جنگل سے ملی تھی۔دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں 55چھاپوں کے دوران 2قاتل ، 5ڈاکو ، 16غیر قانون اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی ،ایک اشتہاری ،8مفرور ، 12منشیات فروش اور 16دیگر جرائم میں ملوث سمیت 62ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 23پستولیں ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیاہے ۔