حکومت سرمایہ کاری کے قیام کیلئے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے‘ گورنر سندھ

544
گورنر سندھ محمد زبیر اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے ہیں 

کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ محمد زبیر نے اوور سیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا جہاں انھیں ادارہ کی کارکردگی، غیر ملکی سرمایہ کاری ، نئی صنعتوں کے قیام ، مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور حائل مشکلات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے اوور سیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اوور سیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کا سرفہرست ادارہ ملکی ریوینیو میں اضافہ میں اہم ثابت ہو رہا ہے ، حکومت سرمایہ کاری اور نئی نئی صنعتوں کے قیام کے لیے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کراچی میں معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور کا روباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ کے لیے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ سے ملک میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگیاہے ، معاشی مثبت اشاریے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سی پیک منصوبہ سے پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ 25 ارب روپے کے کراچی ترقیاتی پیکج سے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، امن و امان کے قیام کے بعد مزید غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس جانب متوجہ کرنے کے لیے انفرااسٹرکچر اہم ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل گورنر ہاؤس میں غیر ملکی سفارت کاروں کو کراچی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی جس کے بعد غیر ملکی سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے آئیڈیل شہر بن گیا ہے اور شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری یقینی ہے اس ضمن میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ سفارت کار اپنے اپنے ممالک میں سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کریں گے اس روز حکومت کے اقدامات کی بھرپور کامیابی سب کے سامنے عیاں تھی جس سے مقامی سرمایہ کاروں کو بڑا حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز انویسٹرز چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے میں اہم ثابت ہو رہا ہے، حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اس ضمن میں متعلقہ وزارتوں سے بھی بات کروں گا تاکہ حائل رکاوٹوں کا جلد از جلد حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اس کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، موجودہ دور میں کراچی کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، شہر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے گرین لائن ، لیاری ایکسپریس وے اور K-IV منصوبے شروع کیے ہیں جبکہ کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت بھی مزید دیگر منصوبے بھی جلد شروع کیے جا ئیں گے ، عالمی معیار کی سہولیات کے حامل منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کا طرز زندگی بھی تبدیل ہوگا جو کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی یکساں ترقی کے وژن پرگامزن ہے، اسی مقصد کے تحت صوبہ کے دیگر اضلاع حیدرآباد ، جیکب آباد اور ٹھٹھہ میں بھی وفاقی حکومت نے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کیا ہے تاکہ پورے صوبے میں نمایاں تبدیلی لائی جا سکے، چونکہ غیر ملکی سرمایہ کار صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے ان اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں، حکومت کا وژن ہے کہ ترقی کے ثمرات ہر ایک تک پہنچ سکیں، غیر ملکی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے اس ضمن میں اوور سیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری معاون ثابت ہو سکتا ہے اس سلسلہ میں حکومت کا ہر ممکن تعاون ادارہ کے ساتھ ہے۔