حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دینا بلاجواز اور مایوس کن ہے‘ پاکستان

331
مظفر آباد: امریکا کی جانب سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دینے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے 

اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سیحزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کن ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی فورسز کے مظالم اور جبر کا شکار ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کیلیے جائز جدوجہد کررہے ہیں جبکہ کشمیری خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، اس کے برعکس انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بے گناہ کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنانے پر بھارت کو دہشت گرد قرار دینا چاہیے، بھارت نے کھل کر سی پیک کی مخالفت کی اور کلبھوشن یادیو کا بیان اس حوالے سے ریکارڈ پر موجود ہے جبکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ہے، پاک بھارت تعلقات میں بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جس کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگا، بھارتی وزیراعظم کا بیان پاکستانی موقف کی تائید ہے، پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے اور وہ حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم میں اضافہ ہوا جہاں گزشتہ صرف 5 دن میں کئی کشمیریوں کو شہید اور درجنوں نوجوانوں کو زخمی کیا گیا۔ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد گزشتہ کئی برس سے جاری اور جائز ہے جبکہ ماضی میں بھی بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا بے جا استعمال کیا اور اب بھی کر رہی ہیں۔ کشمیریوں کا قتل عام اور بچوں کی بینائی چھین لینا نا قابل فہم ہے۔ حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے اور انہیں جان بچانے والے ادویات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ حقیقت یہی ہے کہ ہم بھارت کے ہمسائے ہیں اور خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں اپنے مسائل کو ختم کرنا ہو گا۔ پاک بھارت تعلقات میں بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جس کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے اور وہ حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی ہے۔ کوئٹہ دھماکے میں بھارتی ہاتھ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات کی روشنی میں بھارت پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں اور دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے۔ کلبھوشن نے بلوچستان میں ’’را‘‘ کی سرگرمیوں اور بلوچ لبریشن آرمی سے روابط کا اعتراف کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں بھارتی تخریبی سرگرمیوں سے متعلق ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کیے ہیں اور یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھایا ہے۔ نفیس زکریا نے مزید کہا کہ امریکا نے انسدادہشت گردی کی کوششوں میں ہمیشہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ امریکا نے بارہا کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سراہتا ہے۔ امریکا کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے 6 ورکنگ گروپ کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ امریکی امداد نہیں بلکہ انسداد دہشت گردی اخراجات کی ادائیگیاں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نیپال میں مغوی لیفٹیننٹ کرنل(ر) حبیب ظاہر کو بھارت لے جانے کے شواہد ملے تھے تاہم بھارت کی جانب سے ان کی بازیابی کے حوالے سے مثبت جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان نے مل کر دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں حکومتوں میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہوتے رہتے ہیں۔ ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران اور 5 بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے کے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتا ہے۔