این اے 120‘ جماعت اسلامی نے ضیاء الدین انصاری کو میدان میں اتار دیا

1035
لاہورپریس کلب میں لیاقت بلوچ‘ میاں مقصود‘ ذاکر اللہ مجاہد‘ اظہر اقبال و دیگر این اے 120کے امیدوار ضیا الدین انصاری کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور ( نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 120سے جماعت اسلامی کے رہنما ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ انتخاب لڑیں گے ۔ضیا الدین انصاری کے کاغذات منظور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے یکم مارچ 2016ء کو کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی تھی ۔ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے کرپشن کے خلاف ہماری تحریک کو تقویت ملی ہے ۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے ۔دبئی لیکس اور پاناما لیکس میں شامل دیگر افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب لاہور میں امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ،امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، ضیا الدین انصاری ، امیرالعظیم ، اظہر اقبال حسن ، چودھری محمودا لاحداور دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1996ء میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین مرحوم نے کرپشن کے خلاف تاریخی دھرنا دیا تھا ہم آج بھی کرپشن فری پاکستان تحریک چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120سے نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اقتدار میں آکر عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دی ، انہوں نے صرف میگا پروجیکٹس پر اپنے مفادات کے لیے کام کیا۔ مسلم لیگ ن کی حکومتی پالیسیوں سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ این اے 120کے جن ووٹرز نے نواز شریف کو ووٹ دیے تھے ان کو بھی نظر انداز کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی این اے 120میں الیکشن جیتتی رہی ہے اور ہمارے نمائندے حافظ سلمان بٹ اور سید اسعدگیلانی اسی حلقے سے ایم این اے رہ چکے ہیں اب بھی جماعت اسلامی نے ضیا الدین انصاری جو کہ اس حلقے کے حقیقی عوامی نمائندے ہیں ان کو میدان میں اُتارا ہے، ان شاء اللہ ہم این اے 120کے ایک ایک گھر تک جائیں گے اور ووٹرز کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا پیغام پہنچائیں گے ۔ہم نے انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے این اے 120کے 10سیکٹرز بنا دیے ہیں۔ ہم بھر پور انداز میں اپنی انتخابی مہم چلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضیا الدین انصاری نے وکلا سیاست میں بھی بھر پور کردار ادا کیا ہے اور وہ حلقہ این اے 120اور لاہور شہر میں شرافت ، دیانت اور اچھے کردار کے حوالے سے اپنی شناخت رکھتے ہیں ۔