اسلام آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ ونگ اسلام آباد کے زیر اہتمام آج اسلام آباد کی 8 یونین کونسلوں میں پارٹی الیکشن منعقد کیے جارہے ہیں ، پارٹی الیکشن میں آٹھ یو نین کونسلوں کے بیس ہزار سے زائد نوجوان یوتھ لیڈر کے انتخاب کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ پارٹی الیکشن کے لیے پو لنگ نوبجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان نے متعلقہ یو نین کو نسلوں کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے الیکشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی یو تھ ونگ ضلع اسلام آباد کے صدر محمد طارق گجر، سمیع اللہ، محمد اُویس عباسی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے پارٹی الیکشن کے سلسلے میں یوتھ ونگ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی دینی، سیاسی اور جمہوری جماعت ہے ، ہمارے پاس نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری رخ اور سوچ دی جائے۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ اس سلسلے میں نوجوانوں کے لیے مؤثر پلیٹ فارم کی صورت میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ نے ایک ایسے موقع پر نوجوانوں کو پلیٹ فارم پر جمع کیا اور ان کی مثبت سمت رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی جب چاروں طرف سے مایوسیوں کی باتیں کی جارہی ہیں اور ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت نوجوان نسل کو مادیت،بے مقصدیت اور بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔