ایجبسٹن ٹیسٹ‘ انگلینڈ نے پہلی اننگز 514رنز پر ڈکلیئر کردی‘ کک کی شاندار ڈبل سنچری

278
ایجبسٹن: انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز بلے بازکیرین پوول رن آؤٹ ہوتے ہوئے 

برمنگھم (جسارت نیوز) ایلسٹرکک کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں گرفت مضبوط ہو گئی، انگلش ٹیم نے 514 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی، کک 243 رنز بنا کر نمایاں رہے، روسٹن چیس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 44 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 470 رنز درکار ہیں، کائل ہوپ 25 اور کیرن پاویل 18 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیمز اینڈرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔



برمنگھم ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 348 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کک 153 اور ڈیوڈ مالان 28 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور ٹیم کا سکور 449 تک پہنچا دیا، یہاں پر مالان 65 رنز بنا کر چلتے بنے، بین اسٹوکس، جونی بیئر اسٹو اور معین علی کا بلا نہ چلا، تینوں بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے، اسٹوکس 10، بیئرسٹو 18 اور علی صفر پر آؤٹ ہوئے، 514 کے مجموعی ا سکور پر جب کک 243 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔



روسٹن چیس نے 4 کیمر روچ نے 2 جبکہ میگل کمنز اور جیسن ہولڈر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر 44 رنز بنا لئے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 470 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں، کریگ بریتھویٹ بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند کا نشانہ بنے، کائل ہوپ 25 اور کیرن پاویل 18 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔