عوامی وژن لے کر آئے ہیں‘ اسلامی و فلاحی مملکت کا خواب پورا ہوگا‘ حافظ نعیم

286
حافظ نعیم الرحمن ضلع شرقی میں اجتماع ناظمین سے خطاب کررہے ہیں، عبدالوہاب، محمد یونس بارائی، سید افتخار، مرتضیٰ غوری، ڈاکٹر فواد احمد اور محمد عرفان شیخ بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوامی وژن لے کر آئے ہیں ،اسلامی وفلاحی مملکت کاخواب جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا ،خدمت انسانیت اورسماجی سرگرمیوں کے ذریعے مقاصد کے حصول کویقینی بنائیں گے ،معاشرے میں خیراوربھلائی کا ابلاغ ضرور ی ہے ،چرم قربانی مہم کا آغاز جماعت اسلامی کا طرۂ امتیاز ہے ،کارکنان جماعت اسلامی نے مشکل اورنامساعد حالات میں بھی اس مشن کوجاری رکھا ،کارکنان کی ہمت اور استقامت نے چرم قربانی مہم کوچارچاند لگادیے ،گزشتہ 4سال میں کھالوں میں اضافہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شہرکراچی میں بھتاخوری ،قتل وغارت گری اورقبضہ مافیا کی سیاست دفن ہوگئی ،جلد روشنیوں کے شہرمیں خوشیاں لوٹانے کا سفر منطقی انجام کوپہنچے گا ۔



ان خیالات کاظہار انہوں نے ارقم اسلامک سینٹر دفترضلع شرقی میں منعقدہ اجتماع ناظمین سے خطاب کے کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے امیرضلع شرقی وسابق ممبرسندھ اسمبلی محمد یونس بارائی ، نائب امرائے ضلع شرقی سید افتخاراحمد ،مرتضی غوری ، ڈاکٹرفواد احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری کراچی عبدالوہاب نے امرائے زونز کے ذریعے تنظیمی وافرادی قوت کا اجمالی خاکہ پیش کیا ۔ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی وضلعی ذمے دار الخدمت ڈاکٹرفواد احمد نے ملٹی میڈیا کے ذریعے چرم قربانی کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی اوراس کے ذریعے خدمت خلق کا جائزہ پیش کیا ۔ڈاکٹرفواد احمد نے الخدمت کے تحت چلنے والے مختلف شعبہ جات ہیلتھ سینٹرز ،ہیلپ سینٹرز ،واٹرفلٹریشن پلانٹ ،میت بسیں ،کنویں ،تعلیم ، جہیز اسکیم ،مواخات ،روزگار،بلاسودی قرض ،کفالت یتامیٰ ،مستحقین میں قربانی کے گوشت کی تقسیم ،ہینڈپمپ اوردیگر پروجیکٹس کی تفصیلات بھی رکھیں ۔



حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ چرم قربانی اوراجتماعی قربانی مہم کونئے عزم اورحوصلے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ضرورت ہے ،ہرکارکن اپنا اپنا حصہ اوروقت ڈال کراجرعظیم کا مستحق بن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے 3دنوں میں اپنے پاؤں کوگرد آلود اور کپڑوں کوخون آلود کرنا دراصل سنت ابراہیمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وژن لے کر آئے ہیں ،اسلامی وفلاحی مملکت کاخواب جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خدمت انسانیت اورسماجی سرگرمیوں کے ذریعے مقاصد کے حصول کویقینی بنائیں گے ،معاشرے میں خیراوربھلائی کا ابلاغ ضرور ی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ چرم قربانی مہم کا آغاز جماعت اسلامی کا طرۂ امتیاز ہے ،دکھی دلوں کوجوڑنے کا سامان ہے ۔انہوں نے کہا کہ کارکنان جماعت اسلامی نے مشکل اورنامساعد حالات میں بھی اس مشن کوجاری رکھا ، کارکنان کی ہمت اور استقامت نے چرم قربانی مہم کوچارچاند لگادیے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4سال میں کھالوں میں اضافہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔



شہرکراچی میں بھتا خوری ،قتل وغارت گری اورقبضہ مافیا کی سیاست دفن ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنا انجام سوچ لیں ،جلد روشنیوں کے شہرمیں خوشیاں لوٹانے کا سفرمنطقی انجام کوپہنچے گا ۔اجتماع ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی محمد یونس بارائی نے کہا کہ کارکنان مایوس نہ ہوں ،اللہ تعالی ہمیں آزمارہا ہے، ان شاء اللہ اس آزمائش میں سرخرو ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امت مسلمہ کی پشتی بان ہے ،ہماری جدوجہد کامرکزومحور فلاحی معاشرے کا قیام ہے ۔سابق ممبر سندھ اسمبلی نے کہا کہ رب کی رضا اوراصل فریضے کی جانب لوگوں کومتوجہ کرنے کی ضرورت ہے ،اپنے آپ کو خدمت خلق اورانسانیت کی رہنمائی کے لیے پیش کریں ۔