الخدمت نے ہمیشہ دیانت داری کے ساتھ عوام کی خدمت کی ، اسامہ رضی

302
نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی ، طارق مجتبیٰ، فیصل جمیل اور علی ارشد جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کا نام عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے، الخدمت کے طبی مراکز و دیگر فلاحی منصوبے گواہ ہیں کہ الخدمت نے ہمیشہ دیانت داری کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی نارتھ کراچی زون کے تحت جامع مسجد الہدیٰ سیکٹر ٰ11-Aنارتھ کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان عید کے ایام اپنے گھر والوں و عزیز و اقارب کے ساتھ گزارنے کے بجائے غریب اور نادار لوگوں کے لیے کھالیں جمع کرنے میں وقف کر دیتے ہیں اورعوام کو اس عظیم کام میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی تمام تر سرگرمیوں کا واحد مقصد اللہ کے دین کا قیام اور اس کی رضا کا حصول ہے ،چرم قربانی مہم ہو یا گھر گھر جا کر بندگان خدا کو دین اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرانا ہو، تمام سرگرمیاں محض اللہ کی رضا کی خاطر ہیں۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ بہتر منصوبہ بندی اور بھرپور افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے چرم قربانی مہم کوکامیاب بنائیں۔ امیر زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ نے کہا کہ یہ مہم سال میں ایک مرتبہ آتی ہے اس لیے کارکنان تینوں دن اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کر دیں اور جماعت اسلامی و الخدمت کی امدادی اور فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے اور چرم قربانی مہم کے سلسلے میں رابطے کریں۔ نائب امیر زون فیصل جمیل نے کہا کہ مسلمانوں کو حضرت ابراہیم ؑ کے اسوہ کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے ۔ جنرل سیکرٹری زون علی ارشد نے کہا کہ مہم چرم قربانی جدوجہد اور یاد دہانی کا نام ہے۔