نئی دہلی(صباح نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹرین کے حادثے میں کم از کم 25افراد ہلاک 40 سے زائدزخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اڑیسہ سے اترکھنڈ کے علاقے ہریدوار جانے والی پوری ہریدوار اٹکل ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 40 سے زائدزخمی ہو گئے۔ حادثہ دارالحکومت نئی دہلی سے 100 کلو میٹر دور مظفر نگر کے علاقے کہوٹالی میں صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا تاہم حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔
بھارتی وزیر ریلوے سریش پربھو نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ واقعے کے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حادثے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے اہلکاروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔