ن لیگ اور تحریک انصاف مفاد پرست جماعتیں ہیں‘ بلاول

640
مانسہرہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جلسے سے خطاب کررہے ہیں

مانسہرہ(صباح نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف دونوں مفاد پرست جماعتیں ہیں جن کی نظریں صرف عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کی کرسی کے حصول پرہیں۔ نواز شریف معصوم نہیں بلکہ مجرم ہیں جبکہ صوبائی حکومت کے ٹھیکوں سے عمران خان عرف نیاخان کا کچن اور جہانگیر ترین کا جہاز چلتا ہے۔ انقلاب کے نعرے لگانے والے میاں صاحب کے منہ سے انقلاب کا نعرہ اچھانہیں لگتا کیونکہ انہوں نے انقلاب دیکھاہی نہیں بلکہ یہ سازشی اور فسادی ہیں اور انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے سرمایہ حاصل کیا۔



ترقی کے نام پر نمائشی منصوبوں پر کھربوں روپے ضائع کرکے لوٹ کھسوٹ کا نظام قائم کیا اور اپنی کرسی بچانے کے لیے پارلیمنٹ کو استعمال کر کے میاں صاحب نے مفادات کے حصول کے بعد پارلیمنٹ کی طرف مڑ کردیکھنا بھی گوارا نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہزارہ ڈویژن کے ضلع مانسہرہ میں جلسے سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر شیری رحمن، فیصل کریم کنڈی، فرحت اللہ بابر، ہمایون خان، خورشید شاہ، نیئر بخاری، سید احمد حسین شاہ، شجاع سالم عرف شازی خان کے علاوہ دیگر قومی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں بلاول زرداری نے مسلم لیگ (ن)کی وفاقی اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریب غریب سے غریب تر ہوا جبکہ میاں صاحب کا بینک بیلنس بڑھتا رہا۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں اٹھائے پھر رہے ہیں۔ روزگار کے مواقع چھین لیے گئے ۔



انہوں نے کہا کہ نواز شریف معصوم نہیں بلکہ مجرم ہیں۔جی ٹی روڈ پر تماشا برپا کرکے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بات کرنے والوں نے نہ صرف ملکی دولت کو لوٹا بلکہ جعلسازی اور دھوکا دہی کی ، جھوٹ بولا اور جھوٹی گواہیاں دیں۔ نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر)صفدرکو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے ہاتھوں میں بھی جلد ہتھکڑیاں ہی لگیں گی۔ اپنے خطاب کے دوران بلاول زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نیا خان کا لقب دیتے ہوئے للکارتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہونے والے انتخابات ان کے پہلے انتخابات ہوں گے جبکہ عمران خان کے آخری ہوں گے۔خیبر پختونخوا کے عوام نے انہیں پہچان لیا ہے اور اب جھوٹ، الزامات اور گالی کی سیاست کونہیں چلنے دیا جائے گا۔



صوبائی حکومت میں ہونے کے باوجود فاٹااصلاحات اورآئی ڈی پیز کے حوالے سے کبھی بات تک نہیں کی۔بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی ہزارہ کے عوام کے حقوق کی آواز بلند کی اور ان کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے انہیں ان کے حقوق فراہم کیے۔ نوجوانوں کو روزگارکی یقینی فراہمی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہی ممکن ہوئی۔