رتھ فاؤ کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات‘ صدر‘ افواج کے سربراہوں کی شرکت

378
کراچی: مسلح افواج کے سربراہان ڈاکٹر رتھ فاؤ کی میت کو سلامی دے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں جذام کے مرض کے خاتمے کے لیے عظیم خدمات انجام دینے والی آنجہانی ڈاکٹر رتھ فاؤ کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ گورا قبرستان شاہراہ فیصل میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاکستان کی مدر ٹریسا کہلانے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ کی تدفین میں صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پاک بحریہ کے سربراہ کی نمائندگی وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، جرمن سفارت خانے کے حکام اور صوبائی وزرا نے شرکت کی۔



تدفین کے موقع پر پاک فوج کے دستے نے 19توپوں کی سلامی دی جبکہ مسیحی رہنماؤں نے مذہبی رسومات کے مطابق انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ تدفین کے بعد صدر مملکت ممنون حسین اور آرمی چیف ودیگر نے پھول چڑھائے۔ آخری رسومات کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دوسری جانب تدفین کے موقع پر شاہراہ فیصل، شاہراہ عراق اور صدرکے اطراف شاہراہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے اور مختلف سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ جبکہ اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے دکھی انسانیت کے لیے عظیم مثال قائم کی۔



ڈاکٹر رتھ فاؤ کی قائم کی ہوئی روایات برقرار رکھی جائیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ڈاکٹر رتھ فاؤکی تدفین کی تقریب میں شرکت کے لیے ہفتے کو کراچی پہنچے۔ آرمی چیف کی گورا قبرستان آمد کے پیش نظر شاہراہ فیصل کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا جبکہ ڈیفنس کی جانب سے آنے والے ٹریفک کو بھی کالا پل سے قبل ہی روک دیا گیا۔ اس موقع پر گورا قبرستان کے اطراف کو پاک فوج کے خصوصی دستے نے گھیرے میں لے لیا جب کہ پولیس اور رینجرز کی بھارتی نفری بھی گورا قبرستان کے اطراف موجود تھی جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے قبرستان کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔