خصوصی بچوں کو معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جاسکتا ہے‘ وزیراعلیٰ

335
ڈاؤ یونیورسٹی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ خصوصی بچے کو تحائف پیش کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کے نامور سائنسدان مثلا البرٹ آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ نارمل نہیں تھے۔ ان میں سے ایک کو بات کرنے میں دقت کا سامنا تھا اور دوسرے کومعذوری کا، مگر دونوں دنیا کے بہت زیادہ کارآمد افراد ثابت ہوئے۔ انہوں نے یہ بات اتوارکوڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ملٹی ڈسپلنری پیڈیاٹرک ری ہیب سروسز ڈپارٹمنٹ (ایم پی آر ایس ڈی) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، سیکرٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت بھی ان کے ہمراہ تھے۔



وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کی کامیاب کہانیاں ہی کافی ہیں جن سے ہم یہ سیکھ سکتے ہیں کہ خصوصی بچوں کی اگر مناسب طریقے سے کوچنگ، دیکھ بھال، علاج اور بحالی کا کام کیا جائے تو وہ معاشرے کے کارآمد فرد بن سکتے ہیں، یہ معاشرے پر بالخصوص معذوربچوں کے والدین پر منحصر ہے کی کس طرح بحالی کاکا م کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ وزرا اور سیکرٹریوں کو بھی اختیارات دے رکھے ہیں کہ وہ خدمات کی فراہمی کے حوالے سے اہم فیصلے کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس قسم کا شخص نہیں ہوں جو سارے اختیارات اپنے پاس رکھے بلکہ میری کابینہ کے ارکان اور صوبائی سیکرٹریوں کے پاس اتنے اختیار ہیں کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنے محکموں کو چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں اس طرح کے بحالی کے مراکز قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔



انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس ماہرین، بچوں کی خدمت کا جذبہ اور ایسے مراکز کو چلانے کا تجربہ ہے لہٰذ میں ایسے مراکز قائم کرنے کے لیے تیار ہوں۔ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی کاکوئی مسئلہ نہیں ،ہاں فنڈزصحیح جگہ استعمال ہونے چاہییں، اگر آپ لوگ آگے آتے ہیں تو میں آپ کو بحالی کی خدمات کے ایسے مراکز کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں۔اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز( ڈی یو ایچ ایس) کے وائس چانسلز ڈاکٹر سعید قریشی، ڈاکٹر ارم رضوان، پروفیسر خاور سعید جمالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ری ہیبلی ٹیشن کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں سے ملاقات کی۔