کرپشن کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں گے،جلال شاہ

647
سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ احتجاجی ریلی کے شرکا سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے ہائی کورٹ میں دائر نیب قوانین کے خلاف کیس میں فریق بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن کے خلاف آئندہ ماہ سے تمام سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے مشترکہ تحریک چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے زیر اہتمام کرپشن، مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مزار قائد سے پاسپورٹ آفس تک نکالے جانے والے سندھ مارچ کے اختتام پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید زین شاہ، روشن برڑو، ڈاکٹر دودو مری، حاجی شفیع جاموٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔



سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ ملک پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور اہم قوتوں نے حکمرانی کی ہے۔ ان موقع پرست قوتوں سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی کرپشن، دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔ سید جلال محمود شاہ نے سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ قومی اور جمہوری عمل کا حصہ بن جائیں۔ سندھ مارچ میں کرپشن اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔