پشاور،لاہور(صباح نیوز+آن لائن)پشاور میں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں 374ڈینگی کے مریض داخل کرائے گئے ہیں،جن میں سے227 مریضوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیاجبکہ 142مریض بدستور اسپتال میں زیر علاج ہیں جنہیں تمام سہولیتں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ ڈینگی نے پشاور کے علاقوں تہکال، سفید ڈھیری اور اچینی میں وبائی شکل اختیار کرلی ہے، تقریباً 500مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے ، وائرس کافاٹا تک پھیل جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 2 موبائل ہیلتھ یونٹ پشاور روانہ کر دی گئی ہیں،ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز بھی کے پی کے بھیج دی گئیں ہیں ،پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے 24 گھنٹے میں800لوگوں کامعائنہ کیا ہے،
وزیر اعظم کے مشیروپاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخواکے صوبائی صدرانجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ ہم سیاست نہیں ڈینگی کے خلاف عوام کی خدمت کررہے ہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔تفصیلات کے مطابق خیبر ٹیچنگ اسپتال کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اسپتال میں 374متاثرین کو داخل کرایاگیا جبکہ علاج کے بعد 227افراد کو اسپتال سے فارغ کر دیاگیا ہے،22 افراد گزشتہ 24گھنٹے کے دوران اسپتال میں ڈینگی کے شبے میں داخل ہوئے ہیں جبکہ اب بھی اسپتال میں 142 افراد زیر علاج ہیں، 5افراد کی ڈینگی وائرس سے ہلاکتیں ہوئی ہیں جن کا تعلق پشاورکے علاقے محلہ گجران چرنڈہ، محلہ داؤدزئی تہ کال پایان،پشہ خرہ بالاکنڈے چاٹو پمپ اور ورسک روڈ سے ہے۔
جاری کردہ نوٹ میں مزید بتایاگیا ہے کہ 5078افراد کے اسکریننگ ٹیسٹ کیے گئے جس میں 862پازٹیو آئے جبکہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 75لوگو ں کے ٹیسٹ بھی پازٹیو آئے ہیں ۔ دوسری جانب ڈینگی نے پشاور کے علاقوں تہکال، سفید ڈھیری اور اچینی میں وبائی شکل اختیار کرلی ہے اب تک تقریباً 500مریضوں میں اس بیماری کی تصدیق ہوچکی ہے، یہ علاقے فاٹا سے متصل ہیں اور یہ بیماری فاٹا تک پھیل جانے کا خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف کی ہدایت پر محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے خیبر پختونخوامیں ڈینگی مریضوں کی تشخیص و علاج کے لیے مزید اقداما ت کیے ہیں اور پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز بمعہ ضروری طبی آلات و ادویات پشاور روانہ کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر2 موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پشاور کے لیے روانہ کردیے گئے ہیں۔ قبل ازیں ایک موبائل ہیلتھ یونٹ پہلے ہی پشاور بھجوایاجاچکا ہے جو علاقے کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کررہاہے۔ دوسری جانب انجینئرامیرمقام کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مزید 2یونٹس اور3 سی بی سی اینالائزرپشاورپہنچ جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ علاقے کے 13افرادپرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ڈاکٹروں کی ٹیم اورعوام کے درمیان رابطے اورسہولیات بہتربنانے کاکام کرے گی۔