بارش اورتباہ حال سڑکوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی

242
پیر کی شب تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد پورا شہر جل تھل ہوگیا ، زیر نظر تصویر کورنگی کراسنگ کی ہے

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی میں چند گھنٹوں کی بارش کے بعد سڑکیں، گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں ،شہر کے نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔بارش نے صوبائی حکومت اورکراچی کے بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکرگی کا بھانڈا پھوڑدیاہے۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں، ملحقہ علاقوں اور محلوں میں نکاسی آب کا صحیح انتظام اور کچرے کی مناسب صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا ہے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، کچرا کیچڑ کی شکل اختیار کر گیا ہے اور تباہ حال سڑکوں نے میگا سٹی کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔گز شتہ شب شہر میں ابر رحمت سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے باران رحمت لوگوں کے لیے زحمت بن گئی۔



شہر یوں کا کہنا ہے کہ اختیارات کا رونا رونے والی شہری انتظا میہ کراچی کے وسائل کو لوٹ رہی ہے ، صوبائی حکومت اور شہر کے منتخب عوامی نمائندوں کے شہر کے نمائشی دوروں سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔شہر یو ں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو پابند کیا جائے کہ وہ شہر سے فوری طورپر کچرے کو صاف کریں، نکاسی آب کے لیے واٹر بورڈ اور بلدیہ عظمیٰ کے اشتراک سے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف حاصل ہوسکے۔