لاہور/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت+اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز جاتی امراء میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی ، ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحا ل اورآئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں متوقع ترامیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔جنرل محمود سے ملاقات میں وزیر اعظم نے مسلح افواج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیاجبکہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم سے ن لیگ کے سینیٹرز کے وفد نے بھی ملاقات کی۔