اسٹاک مارکیٹ سے مندی کے بادل چھٹ گئے‘ سرمایہ کاروں کو 156ارب روپے کا منافع

211
پاکستان اسٹاک ایکسچینج

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے مندی کے بادل چھٹ گئے ،بدھ کے روز کاروباری تیزی کے باعث 900سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای100انڈیکس نہ صرف 42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا بلکہ 43ہزار پوائنٹس کی سطح سے صرف 90پوائنٹس کی دوری پر بندہوا ۔تیز ی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں156ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم89کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔بدھ کو مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی مثبت رجحان سے ہوا اور کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نظر آیا۔ اسٹیل ،سیمنٹ ،موٹرز ،توانائی اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ مستحکم انداز میں بڑھتی دیکھی گئی اور مارکیٹ کے پہلے سیشن میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 528 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 42 ہزار 500 کی سطح عبور کرگیا



بعد ازاں کے ایس ای100انڈیکس مزید بڑھ کر 42900پوائنٹس کی سطح پر بند ہواآج سے قبل پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کئی روز سے مندی کا رجحان تھا اور 100 انڈیکس کے پوائنٹس میں مسلسل کمی دیکھی جارہی تھی۔بدھ کے روز کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس 927.63 پوائنٹس بڑھ گیا جس سے100انڈیکس 41983.16پوائنٹس سے بڑھ کر 42910.79 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح489.82پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 22161پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29897.67پوائنٹس سے بڑھ کر30449.35پوائنٹس پر جا پہنچا ۔کاروباری تیز ی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھر ب56 ارب 73کروڑ40لاکھ81ہزار416روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب 77ارب 31کروڑ79لاکھ 849روپے سے بڑھ کر 89کھرب34ارب 5کروڑ19لاکھ 82ہزار 263روپے ہو گیا ۔



اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز 9ارب روپے مالیت کے 16کروڑ67لاکھ 73ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کے روز12کروڑ روپے مالیت کے 21کروڑ70لاکھ 12ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز مجموعی طور پر396کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 314کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،71میں کمی اور 11کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1کروڑ42لاکھ ،ازگارڈ نائن 1کروڑ27لاکھ ،عائشہ اسٹیل مل 87لاکھ ،پاک الیکٹرون 71لاکھ اور پاور سیمنٹ 58لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے یونی لیور فوڈز کے بھاؤ میں200روپے اور فلپ مورس پاک کے بھاؤ میں122.50روپے کا اضافہ جبکہ باٹا پاک کے بھاؤ میں145روپے اور سروس انڈسٹریز لمیٹڈ کے بھاؤ میں58.68روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔