نئی امریکی پالیسی خطے میں جنگ کی خوفناک سازش ہے، مولانا سمیع الحق

590
اسلام آباد: دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (آئی این پی) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے 28 اگست کو آل پارٹیز کانفرنس بلا نے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس میں امریکا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا جواب دینے کی حکمت عملی تیار کریں گے ۔بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان میں جب اور جہاں چاہے جملہ کرنے کی دھمکیاں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ اور کھلا اعلان جنگ ہے ۔ حکومت پاکستان مصلحت پسندی اختیار کرنے کے بجائے توہین آمیز رویہ کا منہ توڑجواب دے۔



امریکا کی طرف سے جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان خطے میں جنگ کی آگ بھڑکانے کی خوفناک سازش ہے۔ پوری پاکستانی قوم کسی قسم کی جارحیت کے مقابلے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور ملکی دفاع کیلئے قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔دفاع پاکستان کونسل جمعہ کو ملک گیر سطح پر احتجاج منائے گی اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں نماز جمعہ کے بعد زبردست احتجاج مظاہرے کیے جائیں گے اورریلیاں نکالی جائیں گی۔