پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کیلیے مسلم امّہ کی توقعات پر پورا اُترے گا‘ممنون حسین 

164
اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین اردن کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز رہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلیے پاکستان مسلم امہ کی توقعات پر پورا اترے گا۔انہوں نے یہ بات اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فرحت سے ایوان صدر سے ملاقات کے دوران کی۔ صدر مملکت نے شام کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشویشناک صورتحال سے مسلم امہ کی یکجہتی اور اتحاد متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن اور خوشحال افغانستان کے خواہاں ہیں اور خطے میں امن چاہتے ہیں تاہم مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور اردن کے درمیان دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔



اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فرحت نے کہا کہ اردن کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستانی افواج بہت پیشہ وراوربہادرہیں۔صدر مملکت نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کو نشانِ امتیاز ملٹری سے بھی نوازا۔ تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔علاوہ ازیں اردن کی مسلح افواج کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان سے بھی ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اردن کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹا ف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے افراد کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔