الخدمت فاؤنڈیشن پشاور‘ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں تشخیصی کیمپوں اور آگاہی مہم جاری

182
پشاور،الخدمت فاؤنڈیشن کے قائم مقام صوبائی صدر ملک پرویز خان ڈینگی ٹیسٹ کیمپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں 

پشاور(وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ڈینگی سے متاثرہ علاقوں شاہین ٹاؤن ،غریب آباد، تہکال پایاں اور سپین سمیت دیگر علاقوں میں الخدمت موبائل ڈائیگنوسٹک لیبارٹری یونٹ کے تحت مفت تشخیصی کیمپوں کا اہتمام تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ اب تک 840 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ۔ جس میں 17 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہونے پر انہیں کے ٹی ایچ اور کویت ٹیچنگ اسپتال پشاور ریفر کیا گیا ۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے قائمقام صدر ملک پرویز خان ، صوبائی ہیلتھ منیجر ڈاکٹر شکیل احمد ، صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون اور ضلع پشاور کے صدر فدا محمد خان نے کیمپوں کا دورہ کیا ۔



اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے قائم مقام صدر ملک پرویزخان نے کہا کہ حالیہ ڈینگی وبا سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت موبائل ڈائیگنوسٹک لیبارٹری یونٹ ،چار ایمبولینس گاڑیوں ،55 رضاکار اور طبی عملے کے ذریعے گزشتہ تین روز سے تشخیصی کیمپوں اور ا لخدمت اسپتال نشترآباد میں ڈینگی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور نے ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیراور آگاہی مہم کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔جس کے تحت مختلف علاقوں میں باقاعدہ مہمجاری ہے۔ جس میں ماہرین ڈینگی کے متعلق عوام میں بیدار ی اور اس وبا سے محفوظ رہنے کے لیے عوام کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کررہے ہیں۔