پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئین سے 62,63کو ختم کرنے والے کرپشن چھوڑنے کے بجائے امانت و دیانت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بدعنوان اور کرپٹ عناصر آئین سے 62,63کو نکالنے کیلیے متفق ہورہے ہیں۔ بدعنوان عناصر چاہتے ہیں کہ صادق اور امین کے بجائے کرپٹ اور چور اسمبلیوں میں جائیں۔62,63کو ختم کرنا ہے تو عدالتوں کو تالے لگائیں اور جیلوں کے تالے کھول دیں ۔62,63کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی، ہم عدالت عظمیٰ اور 62,63کی پشت پر کھڑے ہوں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ کے خطاب کے بعد قوم اور حکومت کے پاس امریکی غلامی سے نکلنے کا سنہری موقع ہے۔امریکا کی امداد اور دھمکیاں ان کے منہ پر ماری جائیں۔
پاکستان امریکی امداد سے نکلے گا تو آزاد ہوگا۔ امریکی امداد کی وجہ سے پاکستان میں غربت اور پسماندگی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ دراصل امریکا کی اسلام کے خلاف جنگ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا نقصان 118ارب ڈالرہے ،امریکا نے امداد 24ارب ڈالر دی ہے۔ ہم امریکا کو پاکستان کا قبرستان بنادیں گے۔اسد اقبال کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ قوم اور مٹی کا درد رکھنے والے جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔ 2018ء میں صوبے میں حیران کن کامیابی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کرک پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پریس کانفرنس میں شاہین کالجز میٹھا خیل کے ایم ڈی اسد اقبال نے جمعیت علما اسلام سے سیاسی قربت ختم کرکے جماعت اسلامی میں شمولیت کاعلان کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کرک کے امیر مولانا تسلیم اقبال، جنرل سیکرٹری محمد ظہور خٹک، جماعت اسلامی بنوں کے امیر ڈاکٹر ناصر خان اور جے آئی یوتھ ضلع کرک کے صدر اعجاز خٹک بھی موجود تھے۔ مشتاق احمد خان نے پریس کانفرنس سے خطاب میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کی وجہ سے عدالت میں ملک کا وزیر اعظم مجرم اعظم اور پرائم منسٹر کرائم منسٹر ثابت ہوا۔ وزیر اعظم کی نااہلی آدھا انصاف ہے، پورے انصاف کے لیے وزیر اعظم سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کی جائے ۔ 436کرپٹ افراد میں سے ایک کا احتساب ہوگیا، باقی 435افراد کو بھی عدالت کے کٹہرے میں لائیں گے۔ پاناما لیکس میں جن کے نام آئے ہیں وہ سب قومی مجرم ہیں، قومی دولت اور وسائل کو لوٹ کر آف شور کمپنیاں بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ملک میں طاقتور شعور موجود ہے، اس شعور کی بیداری میں جماعت اسلامی کا بہت بڑا کردار ہے۔پاکستان کو امریکا اور بھارت سے زیادہ خطرہ کرپشن سے ہے۔کرپشن سے ہمارے جغرافیہ اور دفاع کو خطرہ ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار ہے، کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کامیابی کی طرف جارہی ہے۔ ہم عدلیہ، میڈیا، عوام اور پارلیمنٹ کے اندر کرپشن کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع پاکستان کا سعودی عرب ہیں۔ یہ اضلاع قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، لیکن ان اضلاع کو ستر سال سے ووٹ لینے والوں نے ترقی سے محروم رکھا ہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو جنوبی اضلاع کی محرومیوں کو ختم کرکے ترقی دیں گے ۔ ان اضلاع کو سبسڈی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا گزشتہ پندرہ برس سے اپنے اتحادیوں سمیت افغانستان میں شکست سے دوچار ہے۔امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، امریکی دھمکیوں اور اس کی امداد کو مسترد کرتے ہیں۔ امریکا کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہیں۔امریکا پاکستان پر حملے کا خیال سے دل نکال دے۔ ہم قوم کو امریکا کے خلاف متحد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔