گورنمنٹ کالج کالی موری کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا خیرمقدم کرتے ہیں،عبدالوحید قریشی

192
حیدرآباد ،جماعت اسلامی کے رہنما عبدالوحید قریشی و دیگر کالی موری کالج کے پرنسپل سے وفد کے ہمراہ ملاقات کررہے ہیں 

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)حیدرآبادکی مختلف دینی و سیاسی اورسماجی شخصیات نے گورنمنٹ کالج کالی موری کویونیورسٹی کادرجہ دینے کے فیصلے پر اظہارمسرت کیا ہے ۔جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے سندھ عبدالوحیدقریشی کی قیادت میں ایک بڑے وفدنے گورنمنٹ کالج کالی موری کادورہ کیا۔کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرناصرالدین شیخ اور پروفیسرصاحبان سے ملاقات کی اورانہیں مبارکباد دیتے ہوئے مٹھائی کھلائی۔پروفیسر ڈاکٹرناصر نے وفدکا خیرمقدم کیااور سرکاری کاوشوں سے آگاہ کیا۔ وفدمیں تنظیم اساتذہ سندھ کے صدر پروفیسرنصراللہ لغاری،ضلعی صدراسلم قریشی،جماعت اسلامی زون وسطی کے امیر محمدحنیف شیخ اورانجمن تعلیم اسلامی کے سینئرنائب صدر پروفیسر عبداللطیف آبادودیگرشامل تھے۔



عبدالوحیدقریشی نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سیدمرادعلی شاہ کے اعلان کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کالج کے یونیورسٹی بننے سے 9اضلاع کوفائدہ ہوگاترقی کاراستہ تعلیم ہے اورتعلیم سب کیلیے ہونی چاہیے لسانیت اورعصبیت کا دور ختم ہوگیاہے انسانوں اوربھائیوں میں تفریق کرنے والوں کوسب نے مستردکردیاہے اب بلاتفریق نوجوان نسل کوتعلیم ملنی چاہیے ،وزیر اعلیٰ کی جانب سے جوفیصلہ کیاگیاہے اس کاپرجوش اندازمیں خیرمقدم کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ،سینئرصوبائی وزیر اور پی پی سندھ کے صدرنثاراحمدکھوڑو،صوبائی وزیرتعلیم جام مہتاب ڈھر ،کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرناصرالدین شیخ اوراساتذہ سب کی کوششوں سے کالج یونیورسٹی بننے جارہاہے سب مبارکبادکے مستحق ہیں۔اس موقع پر پروفیسرنظیرقاسمی،پروفیسر امتیازسومرو،پروفیسر محمدسلیم مغل پروفیسر ڈاکٹراقلیم حیدر،پروفیسر نزاکت نظامانی ،پروفیسرسیدنجف رضا،پروفیسر عبدالستارلغاری اورپروفیسرمسعودصدیقی بھی موجودتھے۔