حیدرآباد(نمائندہ جسارت) حیدرآباد میں بجلی کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا، شہر بھر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،شہری سراپا احتجاج ،سیون ڈی کے مکینوں کا پی پی رہنما نوید قمر کے گھر کے سامنے دھرنا، ٹائر نذر آتش ،حیدرآباد میں حیسکو کی نااہلی کے باعث مسلسل بجلی کا بحران جاری ہے، جمعرات کے روز شہر کے متعدد علاقوں میں آٹھ سے دس گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کا عمل بھی جاری ہے، لطیف آباد یونٹ نمبر7ڈی میں گزشتہ دو روز سے بجلی نہ ہونے کے خلاف علاقہ مکین مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید نوید قمر کے گھر کے سامنے دھرنا دیا، ٹائروں کو نذر آتش کرتے ہوئے سٹی سے لطیف آباد میں داخل ہونے والے ٹریفک کے تمام راستے بلاک کردیے،
مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے اے سیکشن کی پولیس پہنچ گئی لیکن مظاہرین کا اشتعال دیکھ کر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، دھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا احتجاج کافی دیر جاری رہا جس کے بعد پولیس اور حیسکو کے افسران نے پہنچ کر یقین دہانی کرائی اور احتجاج ختم کرایا جبکہ ہالا ناکہ، تعلقہ سٹی کے متعدد علاقوں میں بھی بجلی کا بحران جاری ہے جہاں شہری سراپا احتجاج ہیں عام طور پر شہر میں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تو معمول کے مطابق کی جارہی ہے جبکہ معمولی خرابی کا بہانہ بناکر بجلی کی طویل بندش معمول بن چکا ہے۔