نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے محفوظ ہے، تمام غیرملکی پلیئر نے سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیاہے۔نجم سیٹھی نے کہاکہ کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورہ پر آمادہ کرنا بہت مشکل کام تھا اور اللہ کے فضل سے ہمیں اس میں کامیابی ہوئی ہے ۔کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے بعد اب اسپانسر کا فیصلہ کریں گے کیونکہ اسپانسر کی شرط تھی کہ پہلے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے تو پھر وہ سیریز کو اسپانسر کریں گے ۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے میچز کے سلسلے میں ستمبر کے پہلے سیکورٹی ٹیم پاکستان آئے گی جو کہ حکومت پنجاب کے عہدیداران اور سیکورٹی آفیشلز سے ملے گی ۔نجم سیٹھی نے کہاکہ میرا اگلا ٹارگٹ کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کروانا ہیں اور اس مقصد کے لئے متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔
دریں اثناء ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فیف ڈو پلیسی کا پیغام میں کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی بیلنس ٹیم کا کپتان مقرر ہونا ایک اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ٹیم نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ کھلاڑیوں کی سیکورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں کھیلنے کے لئے بھاری رقم دی جارہی ہے لیکن سیکورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اگر ہم سیریز کے دوران اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھیں گے تو کتنی بڑی رقم بھی ہمیں کھیلنے پر مجبور نہیں کرسکتی ۔