لیژلیگس کے تحت قومی فٹبالرز میں انعامی رقم کی تقسیم

154
کراچی : لیژلیگس کی تقریب میں شاہ زیب ٹرنک والا بیسٹ ریفری عدنان خان کو نقد انعام دے رہے ہیں ‘اس موقع پر انس ٹرنک والا بھی موجود ہیں 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ گروپ اور لیثر لیگس کے زیر اہتمام رونالڈینیو اینڈ فرینڈز کے ہمراہ کراچی اور لاہور میں نمائشی میچ میں لیثر لیگس کی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے انٹر نیشنل فٹ بالرز جعفر خان، یاسر آفریدی، ، صدام حسین، محمد احمد، محمد کامران، فاروق شاہ، حاجرہ خان، محمد یاسین، عبدالعزیز، سعد ا ﷲاورمحمد ریاض کو 50,50ہزار روپے ، سینئر نیشنل ریفری عدنان خان کو 75ہزار اور نیشنل کوچ طارق لطفی کو ایک لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ صدر، ورلڈ گروپ شاہزیب ٹرنک والانے بحیثیت مہمان خصوصی شاہراہ فیصل پر واقع ورلڈ گروپ کے دفتر کے سبزہ زار پر ہونے والی ایک پُروقار تقریب میں پیش کیا۔اس موقع پر انس محمود ٹرنک والا، سی ای او ورلڈ گروپ ،سید اسحق شاہ ، سی او او ، لیثر لیگس، زیب خان، جنرل منیجر آپریشن ، لیثر لیگس، سید شہروز رضوی، چیف منیجر،ریاض احمد، ایریا منیجر، کراچی ، ایگزیکٹیو منیجر وقاص حسین، کوارڈنیٹرز محمد آصف ، صاحبزادہ عباس، ڈیجیٹل میڈیا آفیسر معاز خان، فنانس منیجر سولومن ہنری، گراؤنڈ کوارڈنیٹر وقاص عبدالرزاق اور ارباز بھی موجود تھے۔



مہمان خصوصی نے خطاب کے دوران تقریب میں شریک قومی ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈینیو اینڈ فرینڈز کے ہمراہ کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کھیل کر ہماری عزت افزائی فرمائی ہے ۔دنیا کے 32ممالک نے دنیائے فٹ بال کے لیجنڈری فٹ بالرز کے ہمراہ پاکستان کے قومی ہیروز کوبھی ایکشن میں دیکھا اور انہیں یہ بخوبی اندازہ ہوگیا ہوگا کہ پاکستانی فٹ بالرز بھی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں بس انہیں مواقع حاصل ہونے کا انتظار ہے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ ماضی کے فٹ بالرز کو یہ سنہری مواقع حاصل نہ ہوسکے لیکن ورلڈ گروپ اور لیثر لیگس یقینی طور پر اپنے نوجوان کھلاڑیوں کور اپنی خداداد صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کرے گی۔جس کا آغاز رونالڈینہو اینڈ فرینڈز کے نمائشی میچز سے کردیا گیا ہے ۔ دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور ہمارے نوجوان کھلاڑ ی یونہی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے رہیں گے۔



سید اسحق شاہ ، سی اواو ، لیثر لیگس نے دوران خطاب کہا کہ سیزن ون کا کامیاب اختتام ہوچکا اور سیز ن ٹو کا بھی پرجوش آغاز ہوگیا ہے اورسیزن ٹو کے بھی بہترین منتخب کھلاڑی پاکستان آنے والے عظیم فٹ بالرز کے ہمراہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انس ٹرنک والا، سی ای او، ورلڈ گروپ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی فٹبال کو اس کا جائز مقام دلانے کیلے ورلڈ گروپ اور لیثر لیگ اپنی متحرک اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔لیثرلیگس، انٹرسٹی چمپئن شپ، نیشنل چمپئن شپ بعدازاں لیثر لیگس کا ورلڈ کپ بھی بتدریج کرایا جائے گا تاکہ فٹ بالرز کے سامنے ہدف موجود ہواور وہ اس ہدف کے حصول کیلئے اسکی پوری توجہ مرکوز ہو۔نیشنل کوچ طارق لطفی نے ورلڈ گروپ اور لیثر لیگس کے جملہ عہدیداران سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ گروپ اور لیثر لیگس جس تندہی اور خلوص کے ساتھ پاکستان میں فٹ بال کھیل کو بام عروج دینے کیلئے جو مخلصانہ کوششیں کررہاہے انشاء اﷲ اس کے مثبت نتائج جلد آنا شرو ہوجائیں گے اور پاکستان کے فٹ بالرز کو بھی دنیا میں وہی مقبولیت حاصل ہوگی جس کے وہ مستحق ہیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے قومی ہیروز سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے رونالڈینیو اینڈ فرینڈز کے نمائشی میچوں کو کامیاب بنایا۔