ایس ایم ایز کے شعبہ کے قرضوں میں 27فیصد کا اضافہ ہوا‘ اسٹیٹ بینک

204

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گذشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے شعبہ کے قرضوں میں 27 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق حکومت ایس ایم ایز کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ قومی معیشت کی ترقی کے اہداف کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرکے بیروزگاری کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران نجی شعبہ کے قرضوں کا حجم 699.4 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جون 2017ء کے اختتام تک نجی شعبہ کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات میں سے ایس ایم ایز کو 6.06 فیصد قرضے فراہم کیے گئے جو زیادہ تر ورکنگ کیپیٹل کی مد میں فراہم کیے گئے۔



ا سٹیٹ بینک کے مطابق ایس ایم ایز کے شعبہ کو 44 ارب روپے کے قرضے ورکنگ کیپیٹل کی مد میں جاری کیے گئے جبکہ فکسڈ انویسٹمنٹ کی مد میں 21.1 ارب روپے فراہم کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق نجی بینکوں کی جانب سے ایس ایم ایز کے شعبہ کو جاری کردہ قرضوں میں 60 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اسلامی بینکوں کی جانب سے ایس ایم ایز کے شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں میں 14 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کے شعبہ کی مالی ضروریات کی تکمیل سے شعبہ کی ترقی اور قومی برآمدات میں اضافہ کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔