امریکی امداد اس کے منہ پر ماری جائے‘ ڈالروں کی جگہ ملکی مفاد کی پالیسی بنانا ہوگی‘ سراج الحق

324
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق جے آئی یوتھ کے ذمے داران کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ڈالروں کے لیے پالیسی نہ بنا ئی جائے بلکہ ملکی مفاد کے لیے پالیسی بنائے جائے، ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں 4 سال کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ۔ ٹرمپ نے مودی کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کو دھمکیاں دیں اور اعلان جنگ کیا ۔ ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالروں کے لیے پالیسی نہ بنا ئی جائے بلکہ ملکی مفاد کے لیے پالیسی بنائے جائے ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں 100 فیصد خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ۔ نوازشریف کو ہم کہتے تھے کہ ایک مستقل وزیر خارجہ بنایا جائے مگر انہوں نے 4 سال میں کسی کو وزیر نہیں بنایا ۔ امریکا کا ساتھ دینے کے باوجود امریکا نے آج مودی کو خوش کرنے کے لیے صلاح الدین اور تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے ۔



ٹرمپ کے بیان پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے اس رزق سے موت اچھی جس سے غلامی اور بے عزتی ہو ، دوبارہ امریکا کی غلامی میں نہیں جانا چاہیے، امریکا کی امداد ان کے منہ پر ماری جائے اور وہ پالیسی بنائی جائے جو پاکستان کے مفاد میں ہو۔پاکستان کی فوج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں امن آیا ہے ۔ امریکا پاکستان میں دوبارہ دھماکے کرانا چاہتا ہے ۔ پاکستانی آزاد قوم ہیں نہ کسی سے ڈریں گے نہ جھکیں گے ۔ حکمرانوں کو پاکستان کے مفاد میں پالیسیاں بنانی چاہئیں، خواہ کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہو جائے کیونکہ گیدڑ کی100سالہ زندگی سے شیر کی ایک دن کی زندگی بہتر ہے ۔



دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے نمائندوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23مارچ 2018ء کویوم پاکستان کے موقع پر ایک لاکھ 22ہزار منتخب نوجوانوں کو مینار پاکستان میں اکٹھا کریں گے ، قائداعظم کے وژن کے مطابق اسلامی وخوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے پاکستان جاگیر دار وں اور جنرلوں کی جاگیرنہیں ہے۔ 2018ء کے عام انتخابات میں جماعت اسلامی 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی تاکہ اسمبلی میں سوچ اور فکر جوان ہو ،جماعت اسلامی نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم ، کتاب اور ان کو والدین کا فرمانبردار بنائے گی ، نوجوانوں کو سیاسی جماعتوں کا ایندھن نہیں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے استعمال کریں گے۔



سراج الحق نے کہا کہ جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے ذریعے نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے لیے آگے لے کر آئے ہیں۔ نوجوانوں کو سیاسی ایندھن بنانے کے بجائے ان کی اخلاقی اور نظریاتی تربیت کریں گے موجودہ نظام میں صرف خان ،نواب اور جاگیر دار کا بیٹا ہی اسمبلی میں آسکتا ہے غریب کے لیے اسمبلی میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ پاکستان جاگیر دار وں اور جنرلوں کی جاگیرنہیں پاکستان عوام نے بنایا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیںیہ قومی سرمایہ ہے اور نوجوانوں کی شمولیت سے ملک اسلامی وخوشحال پاکستان بنے گا۔ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو بغیر کسی تعصب ، مسلک اور قومیت کے جے آئی یوتھ کے نام سے پلیٹ فارم دیا ہے ۔ ابتدائی مرحلے میں پنجاب کی 4015یونین کونسلوں اور 3596وارڈز میں جے آئی یوتھ کے انٹراپارٹی الیکشن ہورہے ہیں اور 40لاکھ نوجوان ایک لاکھ 22 ہزار نوجوانوں کومنتخب کریں گے پہلے مرحلے میں 9لاکھ 70ہزار نوجوانوں نے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے 10ہزار 92امیدواروں کا انتخاب کیا ہے ۔



جے آئی یوتھ کے انٹراپارٹی الیکشن مکمل ہونے کے بعد منتخب ہونے والے ایک لاکھ10 ہزار 6 سو 92 نوجوان کو 23مارچ 2018ء کو مینارپاکستان پر اکٹھا کریں گے اور یہ منتخب نوجوان قائداعظم کے وژن کے مطابق اسلامی ،فلاحی ریاست کے قیام کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے کام کریں گے ۔ سراج الحق نے کہا کہ یہ جمہوریت کی نرسری ہوگی اور اس سے پاکستان خاندانوں ،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی سیاست سے آزاد ہوگا۔ نوجوان مسائل کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہیں اور ایک رپورٹ کے مطابق 64لاکھ نوجوان نشے کی بیماری کا شکار ہوچکے ہیں ۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو کارآمدشہری بنائے گی اور ان کی کیریئر کونسلنگ کرے گی۔ منشیات و دہشت گردمافیا سے نوجوانوں کو بچانے کے لیے ان کی تربیت اور نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا رواج عام کریں گے ،یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں اور جسمانی صحت کے لیے سرگرمیوں کا آغاز کریں گے ۔



ان نوجوانوں کا سلسلہ ان ہیروز سے جو ڑیں گے جنہوں نے سائنس اور خدمت میں کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ یونین کونسل کی سطح پر لائبریریوں اور لیبارٹریوں کو آباد کریں گے اور امن کے مستقبل کے لیے ان کو وژن دیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انٹراپارٹی الیکشن اب تک کسی بھی جماعت نے نہیں کرائے، پہلے مرحلے میں نوجوانوں میں جماعت اسلامی نے الیکشن کرائے، اس کی کامیابی کے بعد خواتین کے اندر بھی انٹراپارٹی الیکشن کیے جائیں گے ۔ جماعت اسلامی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک میں جے آئی یوتھ کے صدر کو امیدوار بنائے گی اگلے مرحلے میں انٹراپارٹی الیکشن سندھ اور بلوچستان میں کیا جائے گا۔