راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کا 77واں یوم تاسیس ملک بھرمیں دینی جذبے،پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور اسلامی نظام کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کے طور پر منایا گیا۔ گزشتہ روز صوبوں ،اضلاع اور مقامی سطح پر مختلف اجتماعات اور جلسے منعقد کیے گئے۔ ضلع راولپنڈی میں یوم تاسیس کی مناسبت سے مرکزی تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر امیرضلع شمس الرحمن سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ایک عالمی اسلامی تحریک ہے جو اسلام کو مکمل ضابطہ حیات سمجھتی ہے، منڈی، بازار، عدالت اور پارلیمنٹ کے ایوانوں میں قرآن وسنت کانفاذ ہماری اولین ترجیح ہے۔
جماعت اسلامی کے 76برس ایک تابندہ تاریخ کی صورت چمک رہے ہیں، قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دلوانے، پاکستان کو اسلامی آئین دینے، روس جیسی نام نہاد سپر پاور کے غرور کو خاک میں ملانے کے علاوہ امریکا کا اصل چہرہ قوم کو دکھانا جماعت اسلامی کے نمایاں کارنامے ہیں۔ آج ہر ادارہ اور سیاستدان امریکا کے خلاف بات کررہا ہے، جماعت اسلامی ملک میں ٹرینڈ سیٹر ہے ’’گو امریکا گو‘‘ تحریک کے بعد امیرجماعت سینیٹر سراج الحق نے کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کیا تو آج پاکستان کے مرد و خواتین، بچے، بوڑھے اور جوان اس تحریک کے سفیر ہیں اور ان کی زبان پر کرپشن فری پاکستان کا نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان وقت مال اور صلاحیتیں اللہ کی راہ میں خرچ کریں۔
وسائل سے مالا مال اسلامی ریاست کو ظالم کرپٹ مافیا نے اجاڑ دیا ہے، اس کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے ہمیں دن رات جدوجہد کرنا ہوگی۔ 10 کروڑ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ تن ڈھانپنے کو کپڑے، سروں پر چھت نہیں، ان کے بچوں کو تعلیم میسر نہیں، وہ ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر مرجاتے ہیں، علاج کے نام پر ایک گولی تک میسر نہیں ہوتی۔ اس اندھیرے کے مقابلے میں ہم نبی اقدسﷺ کا مدینہ جیسی اسلامی ریاست کا نظام لانا چاہتے ہیں، جہاں جانوروں کو بھی ان کے حقوق میسر تھے۔ موجودہ حالات کو اس وقت تک تبدیل نہیں کیا جاسکتا جب تک عوام کی ووٹ کی طاقت اس نظام کو نہیں بدلتی، جس دن پسے ہوئے محروم طبقات نے دیانتدار قیادت کو اقتدار کی مسند پر بٹھا دیا، اس دن ان تمام مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کا قیام دنیا کو حقیقی جنت بناسکتا ہے، غربت جہالت ناانصافی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے لیے ہمیں ایک طویل جدوجہد کرنا ہے۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری راجا محمد جواد، نائب امیر ضلع امتیاز علی اسلم، محمد تاج عباسی، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نومنتخب ضلعی امیر صالح طاہر، واجد اقبال عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔