کھلاڑیوں کے لیے ملازمتوں کے دروازے کھل گئے‘ کے ڈی اے ہاکی ٹیم بحال

268
کراچی : کے ڈی اے کی ہاکی ٹیم بحال ہونے کے بعد 16کھلاڑیوں کو ملازمت دے دی گئیں ‘اس موقع پر کھلاڑیوں کا لیاگیا گروپ فوٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کراچی میں ہاکی کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں،کے ڈی اے کی جانب سے اپنے ادارے میں ہاکی ٹیم کی تشکیل اور کھلاڑیوں کو ملازمتوں کی فراہمی قابل تحسین اقدام ہے، دیگر اداروں کو بھی آگے بڑھ کر اپنی قومی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مثبت سرگرمیوں کو تقویت بخشنا ہوگی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار کے ڈی اے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ملازمتوں کے تقرری ناموں کے اجراء کی تقریب سے صدارتی خطاب میں کیا، کے ڈی اے کلب میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی کے ڈی اے کے ڈائریکٹر اسپورٹس خرم عارف تھے، ڈاکٹر جنید نے کہا کہ پی ایچ ایف کی طرف سے قومی ہاکی کی بحالی کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں کے ایچ اے اپنا حصہ ڈال رہی ہے،



کے ایچ اے نے تسلسل کے ساتھ16 ایونٹس کا انعقاد کیا،آج کراچی میں ہاکی کے میدان آباد ہوتے چلے جارہے ہیں، کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں سینیئر ،جونیئر اور گرلز کے تربیتی کیمپس شروع ہونے کے بعد جگہ کم پڑ گئی ہے،ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، تنقید برائے اصلاح مثبت نتائج لائے گی، کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ جاری کرکے ان کو مالی آسودگی فراہم کی جبکہ سلیکشن میں پرچی سسٹم ختم کرکے میرٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے، کے ڈی اے کی جانب سے25 سال بعد ہاکی ٹیم کی بحالی قابل تحسین عمل ہے اور اس کا کریڈٹ کے ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ناصر عباس کو جاتا ہے، دیگر اداے بھی آگے بڑھکر ہاکی ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ قومی کھیل کا بحالی ممکن ہو،



تقریب کے مہمان خصوصی خرم عارف نے کہا کہ کے ایچ اے نیک نیتی کے ساتھ ہاکی کو دوام بخش رہی ہے،ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین نے ہاکی ٹیم کی تشکیل میں نمایاں کر دار ادا کیا، قومی امید ہے کہ ہیڈ کوچ سابق قومی کپتان اولمپئن حنیف خان کی زیر نگرانی ٹیم اچھے نتائج دے گی۔ کے ڈی اے میں دیگر کھیلوں کی بھی ٹیمیں قائم کی جائیں گی،کے ایچ اے کے سیکریٹری سید حیدرحسین نے ہاکی کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا،تقریب سے اولمپئن افتخار سید اورکے ایچ اے کے چیئرمین گلفراز احمدخان نے بھی خطاب کیا۔، اس موقعہ پر انٹر نیشنل جہانگیر بٹ، نسیم حیسن، انور فاروقی عبدالعظیم خان، پروفیسر عبدالکریم مغل، محسن علی خان، جاوید اقبال اور ریاض الدین و دیگر بھی موجود تھےِ ،



آخر میں کے ڈی اے کی 16 رکنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو تقرر نامے پیش کیے گئے، ان میں حنین خالد، عبداللہ بخاری، ندیم اکرم، بابرسعادت، مسرور علی تبسم، فیصل رضا، انس صدیقی، طحہ رضا، ایم اسمعیل خان، فضیل خان، آغا عون علی، بدر الدین، زنیر خان، عبیداللہ بھٹو،ایم اسامہ اور ابو نصر شامل، ہیں، طلعت محمود ٹیم کوچ ہوں گے۔