سندھ کی ترقی کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے‘وزیر اعظم

284
کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گورنر ہاؤس میں تاجروں کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی سے گورنر ہاؤس سندھ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شہر کے امن و امان سمیت ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، عوام کے مسائل حل کرنا وفاق کی اولین ترجیح ہے، کراچی میں مکمل امن کی بحالی کے لیے سندھ حکومت اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مزید اقدام اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے سے کراچی میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاق ہمیشہ صوبوں کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ کراچی میں امن وامان کی بحالی سے تاجر برادری مطمئن ہے۔



قبل ازیں وزیر اعظم 2روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ ان کے ہمراہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل جام یوسف اور وزیر مملکت مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔ کراچی ائرپورٹ پر سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری رضوان میمن، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آج(اتوار) پورٹ قاسم پر بنائے گئے ملک کے پہلے ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔ اینگرو ایل این جی ٹرمینل شاہد خاقان عباسی کی بحیثیت وفاقی وزیر پیٹرولیم ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت 330دن کی قلیل مدت میں 130ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 100فیصد نجی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا گیا ہے۔



علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں فرانس کی سبکدوش ہونے والے سفیرمارٹینی ڈورنس سے الوداعی ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے مارٹینی ڈورنس کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فرانس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پراطمینان کا اظہارکیاکہ پاکستان اورفرانس توانائی، سرمایہ کاری اوردفاع کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔