حقیقی جمہوریت کے لیے حقیقی احتساب کی ضرورت ہے‘ میاں محمد اسلم

177
اسلام آباد،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میا ں محمد اسلم ،زبیر فاروق خان ،کاشف چودھری، امیر عثمان،ملک عبدالعزیز اور راجا طارقNA49کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ دینی قیادت، علما و مشائخ اور نوجوانوں کو دیانتدار قیادت سامنے لانے کے لیے انقلابی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی دونوں سیٹیں جیت کر عوامی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔ موجودہ منتخب نمائندوں نے اختیارات اور وسائل ہونے کے باوجود عوام کے دکھوں اور محرومیوں میں اضافہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 49 کے ناظمین یونین کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق خان، نائب امیر محمد کاشف چودھری، ملک عبدالعزیز، جنرل سیکرٹری امیر عثمان، راجا طارق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔



میاں محمد اسلم نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ نے قومی وسائل کو لوٹ کر ملک اور قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ اب جب ان کا احتساب شروع ہوا ہے تو انہوں نے چیخنا شروع کردیا ہے۔ ملک میں حقیقی جمہوریت کے لیے حقیقی احتساب کی ضرورت ہے۔ زبیر فارق خان نے کہا کہ عوام الیکشن میں اچھے کردار کی حامل دیانتدار اور اہل قیادت کو منتخب کریں تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل ومشکلات سے نکال سکتی ہے۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کی قیادت پر کسی قسم کا کوئی الزام نہیں جو کرپشن، لوٹ مار میں ملوث نہیں۔