وزیراعظم پانچ سو سے زائد متاثرہ عازمین کو حج کے لیے روانہ کریں‘ اسد اللہ بھٹو

314
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو متاثرہ عازمین حج کے ساتھ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 500سے زائد متاثرہ عازمین حج کوفی الفور ویزے لگاکر حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ کیا جائے، دستور پاکستان کے مطابق اہم دینی فریضہ ادا کرنے میں ان متاثرہ افراد کی مدد کی جائے ،عدالت عظمیٰ معاملے کا فوری نوٹس لے ،فراڈ ٹریول ایجنسیز شرکہ الہاشمی ، اتحاد ٹریول اور کاروان عباد الرحمن کے مالکان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئند ہ کوئی بھی دین کے اہم اور بنیادی فریضے کی انجام دہی کی خواہش رکھنے والے حاجیوں کے ساتھ فراڈ نہ کرسکے، سعودی سفارتخانے کو بھی چاہیے کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کے لیے آسانی پیدا کریں اورانسانی ہمدردی و مذہبی فریضے کی بنیاد وں پر ان کے ویزے لگائے۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں فراڈی ٹریول ایجنٹس کے ہاتھوں لٹنے والے متاثرہ عازمین حج کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری و نگراں شعبہ حج انجینئر عبد العزیز ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جماعت اسلامی کے رہنما قطب احمد ،متاثرہ عازمین حج شہباز خان ،محمد حنیف ،ریحان احمد صدیقی ،محمد فیصل ودیگر بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ پریس کانفرنس میں متاثرہ عازمین حج شرکہ الہاشمی کی جانب سے دی گئی رسید یں بھی ساتھ لائے تھے ۔اس موقع پر ایک بوڑھی خاتون نے رو رو کر التجا کی کہ ان کی پوری جمع پونجی لٹ گئی ہے انہیں حکومت حج پر روانہ کرے۔ حج سے محروم رہ جانے والے افراد نے پریس کلب میں شدید نعرے بازی بھی کی۔



اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ فراڈ ایجنسیز کے ساتھ ساتھ حکومت بھی ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے کیونکہ ان ایجنسیوں کو حکومت کی طرف سے لائسنس جاری کیے گئے تھے حکومت کی ذمے داری ہے کہ ان کی نگرانی کرے ۔21اگست کو متاثرہ عازمین حج نے فراڈ ایجنٹس کے خلاف ایف آئی اے میں کمپلینٹ بھی درج کرائی لیکن اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،دستور پاکستان کے مطابق واضح ہے کہ حکومت پاکستان ہر مسلمان کو دینی فریضہ ادا کرنے کے مکمل انتظامات کرے گی اور مدد ورہنمائی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے سامنے واقع شرکہ الہاشمی ٹریول ،اتحاد ٹریول ،کارواں عباد الرحمن ٹریول نے حج پر جانے کے خواہشمندکراچی کے 500سے زائد افراد سے وی آئی پی حج اخراجات کے نام سے ساڑھے 4لاکھ اور 5لاکھ روپے فی کس وصول کیے اور کروڑوں روپے ہڑپ کر کے ویزے نہیں لگائے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین پچھلے کئی ہفتوں سے ویزوں کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ، ٹریول ایجنٹس کے دفاتر بند ہیں ، کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔



اطلاع کے مطابق ایف آئی اے نے چند افراد کو گرفتارکیا ہے لیکن حج پر جانے کے خواہشمند یہ اہل ایمان تاحال اپنے پاسپورٹ اور ویزے کے انتظار میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان افراد میں ضعیف خواتین اور مرد حضرات بھی ہیں جن کی آنکھیں خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐ کو دیکھنے کے لیے تڑپ رہی ہیں اور یہ لوگ اپنا سامان باندھے روزانہ ویزے کا انتظار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ حاجی حضرات پیسے نہیں اپنے ویزے کا مطالبہ کررہے ہیں ، ہم وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوراً ان 500افراد کے ویزے لگاکر انہیں حجاز مقدس بھیجا جائے اور فراڈ کرنے والے افراد کوقرار واقعی سزاد ی جائے ۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی ان متاثرہ افراد کے ساتھ ہے اور آخری وقت تک ان متاثرہ افراد کی مدد کرے گی ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام افراد کے ویزے فوری لگائے جائیں تاکہ یہ فریضہ حج ادا کرسکیں۔ ہماری اطلاع کے مطابق حکومت کی جانب سے آج بھی حج کے لیے ویزے لگائے گئے ہیں ۔متاثرہ حج کے خواہشمند افراد کو بھی فوری ویزا لگا کر حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے فوری روانہ کیا جائے ۔