بلوچستان ، ایف سی آپریشن میں2دہشت گرد ہلاک ،4کیمپ تباہ

286
کوئٹہ: آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کیاجارہا ہے

کوئٹہ،راولپنڈی،اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)پاک فوج کا شر پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن ردالفساد پو ری قوت کے ساتھ جاری ہے،بلوچستان میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کیمپ تباہ کردیے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیاہے،اسلحہ تربت میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا،یہ کارروائیاں کاہان، ڈیرہ بگٹی اور چھتراچ میں کی گئیں۔ترجمان پاک کے مطابق اتوارکوایف سی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے تربت میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا نیٹ ورک تباہ کردیا۔



آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 4 کیمپ تباہ اور 2 دہشت گرد کو ہلاک جبکہ2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ اسلحہ تربت میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں بلوچستان کے علاقوں کاہان، ڈیرہ بگٹی اور چھتراچ میں کی گئیں۔علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سہالہ کے علاقے میں سرچ آپریشن ،ایک مشکو ک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ہتھیار برآمد کر لیا گیا۔ وفاقی پولیس نے رینجر کے ساتھ مل کر سہالہ کے علاقے میں سرچ آپریش کیا ،جس میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔